ہوم گارڈز کی تنخواہوں میں اضافہ کا اعلان

دیگر متعدد سہولتیں ، چیف منسٹرکی منظوری ، یکم اپریل 2015 سے عمل آوری
حیدرآباد۔/5ڈسمبر، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے ہوم گارڈز کی تنخواہوں میں اضافہ اور انہیں مختلف سہولتوں کی فراہمی کا اعلان کیا ہے۔ 6 ڈسمبر کو ہوم گارڈز کے قیام کے یوم تاسیس کے موقع پر چندر شیکھر راؤ نے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ انتہائی مستعدی اور جانفشانی کے ساتھ خدمات انجام دینے والے ہوم گارڈز کی بھلائی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے لہذا حکومت نے فوری اثر کے ساتھ ہوم گارڈز کے دیرینہ مطالبات کی یکسوئی کا فیصلہ کیا ہے۔ چیف منسٹر نے ہوم گارڈز کے مسائل کے سلسلہ میں ڈائرکٹر جنرل پولیس انوراگ شرما، آئی جی انٹلیجنس شیودھر ریڈی اور سکریٹری فینانس ناگی ریڈی سے بات چیت کی۔ تلنگانہ میں خدمات انجام دینے والے 16000 ہوم گارڈز کی ماہانہ تنخواہ کو 9ہزار روپئے سے بڑھا کر 12ہزار کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ چیف منسٹر نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ آئندہ سال کے بجٹ میں اس سلسلہ میں گنجائش فراہم کرتے ہوئے اپریل 2015سے اضافی تنخواہوں پر عمل آوری کا آغاز کیا جائے۔ چونکہ جاریہ سال بجٹ پیش کیا جاچکا ہے لہذا آئندہ سال کے بجٹ میں اس سلسلہ میں گنجائش فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ چیف منسٹر نے ہوم گارڈز کیلئے میڈیکل، انشورنس، ہر سال دو ڈریس فراہم کرنے اور حیدرآباد اور سائبر آباد کمشنریٹ کے حدود میں بس پاسیس فراہم کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔ ہوم گارڈز کو پریڈ الاؤنس کے طور پر دی جانے والی رقم کو 28 روپئے سے بڑھا کر 100روپئے کرنے کا اعلان کیا گیا۔