نئی دہلی 16 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) ہول سیل قیمتوں پر مبنی افراط زر جون میں 4 سال کی سب سے اونچی شرح 5.77 تک پہونچ گیا جو ترکاریاں اور ایندھن کی قیمتوں میں اضافہ کے سبب ہوا ہے۔ جس سے آر بی آئی کی جانب سے آئندہ ماہ اپنے مالیاتی پالیسی کے جائزہ میں شرح کو بڑھانے کے امکانات قوی ہوگئے ہیں۔ افراط زر پر مبنی ہول سیل پرائز انڈکس (ڈبلیو پی آئی) مئی میں 4.43 فیصد تھا اور گزشتہ سال جون میں یہ 0.90 فیصد تھا جو حکومت کے جاری کردہ ڈیٹا پر مبنی ہوگا۔ ڈسمبر 2013 ء کے بعد سے افراط زر اپنی اعظم ترین سطح پر پہونچ گیا جبکہ اِسے 5.9 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔ ریٹیل افراط زر جو ریزرو بینک آف انڈیا اپنی مالیتی پالیسی کو وضع کرنے کے دوران ملحوظ رکھتا ہے وہ پانچ ماہ کی سب سے زیادہ شرح پر آچکا ہے اور جون میں 5 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔ یہ کنزیومر پرائز انڈکس (سی پی آئی) پر مبنی ہوتا ہے۔