ہوا کا کم دباؤ شام تک سمندری طوفان بن جانے کا اندیشہ

بھوبنیشور ۔ 8 ۔ اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) شمالی بحر انڈومان میں پیدا ہونے والے گہرے دباؤ کی وجہ سے شمالی آندھراپردیش اور اڈیشہ کے ساحلی علاقوں میں آج شام تک اس کے سمندری طوفان میں تبدیل ہوجانے کا اندیشہ ہے۔ خبرنامہ کے بموجب ہوا کا کم دباؤ شدت اختیار کر کے آئندہ 12 گھنٹوں میں سمندری طوفان بن جائے گا۔ انڈومان اور نکوبار جزائر آئندہ چند گھنٹوں میں لانگ آئی لینڈ کے قریب سے گزرتے ہوئے پار کرلے گا ۔ اور مغرب ۔ شمال مغرب کی جانب پیشرفت کرے گا۔ آئندہ 96 گھنٹوں کے دوران اس کے شمالی آندھراپردیش اور اڈیشہ کے ساحلی علاقہ سے گزرنے کا اندیشہ ہے ۔ انڈومان میں پیدا ہونے والا ہوا کا کم دباؤ مغرب ۔شمال مغرب کی سمت حرکت کر رہا ہے اور آج صبح 5.30 بجے شمالی بحر انڈومان اور متصلہ جنوب مشرقی خلیج بنگال کے قریب 12.2 درجہ شمالی ارض بلد اور 93 مشرقی طول بلد پر لانگ آئی لینڈ کے قریب مرکوز تھا اور گوپال پور سے 1170 کیلو میٹر کے فاصلہ پر تھا۔ تیز رفتار ہوا 85 کیلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہے۔ سمندری طوفان کے مزید شدت اختیار کرنے اور کل تک سمندری طوفان بن جانے کا اندیشہ ہے جبکہ ہوا کی رفتار 110 کیلو میٹر فی گھنٹہ تک ہوجائے گی۔ 10 اکتوبر کو آندھی کی رفتار 125 کیلو میٹر فی گھنٹہ ہوگی اور 12 اکتوبر تک اس رفتار کے 145 کیلو میٹر فی گھنٹہ ہوجانے کا اندیشہ ہے ۔ 13 اکتوبر کو ہوا کی رفتار میں کمی آئے گی اور وہ 100 کیلو میٹر فی گھنٹہ ہوجائے گی۔ چیف منسٹر اڈیشہ نوین پٹنائک نے صورتحال کا جائزہ لینے ایک خصوصی اجلاس طلب کیا ہے۔