نئی دہلی۔ 26 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) دہلی ہائی کورٹ نے رام رحیم کی منہ بولی بیٹی ہنی پریت انسا کی پیشگی ضمانت پر فیصلہ محفوظ رکھا ہے ۔رام رحیم کو 25 اگست کو عصمت دری کے دو معاملوں میں قصوروار ٹھہرائے جانے کے بعد سے فرار چل رہی ہنی پریت نے اپنے وکیل کے ذریعہ دہلی ہائی کورٹ میں پیشگی ضمانت کی عرضی دی تھی۔ اس پر آج دوپہر بعد سماعت کرنے کے بعد عدالت نے فیصلہ محفوظ رکھ لیا۔ عدالت نے دہلی میں ضمانت کی عرضی داخل کئے جانے پر سوال کرتے ہوئے کہاکہ پنجاب اور ہریانہ ہائی کورٹ میں عرضی کیوں نہ داخل کی گئی۔ہنی پریت کے وکیل پردیپ کمار آریہ نے عدالت سے تین ہفتوں کی پیشگی ضمانت دینے کی درخواست کی تھی۔ عدالت نے عرضی پر سماعت کرتے ہوئے سوال کیا کہ یہ عرضی دہلی ہائی کورٹ کے دائرہ اختیار میں کس طرح آئی ہے ۔ اس پر وکیل آریہ نے کہاکہ ہنی پریت کے پاس دہلی میں رہائش گاہ ہے اور اسے گرفتاری کا اندیشہ تھا۔ عدالت نے وکیل سے یہ بھی پوچھا کہ ہنی پریت نے اب تک خودسپردگی کیوں نہیں کی ہے ؟واضح رہے کہ ہنی پریت کے خلاف ہریانہ پولیس نے گرفتاری وارنٹ جاری کیا ہے اور آج گریٹر کیلاش میں اسے پکڑنے کے لئے چھاپہ بھی مارا گیا تھا۔ اس کے خلاف پہلے ہی لُک آؤٹ نوٹس جاری کیا جا چکا ہے ۔عدالت میں ہنی پریت نے ہنی پریت تنیجا کے نام سے پیشگی ضمانت کی عرضی داخل کی ہے ۔