ہنگو میں فضائی کارروائی، 9دہشت گرد ہلاک

ہنگو۔22 فروری (سیاست ڈاٹ کام)شمال مغربی پاکستان کے تحصیل ٹل میں فورسز نے گن شپ ہیلی کاپٹروں سے حملہ کر کے 9دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔سرکاری ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں تین اہم دہشت گرد بھی شامل ہیں۔دوسری جانب خیبر ایجنسی اور پشاور میں بم دھماکوں میں ایک دہشت گردسمیت دو افراد مارے گئے۔ سیکورٹی حکام کے مطابق فضائی کارروائی تحصیل ٹل کے قریب کی گئی، جس میں گن شپ ہیلی کاپٹروں نے بھی حصہ لیا اور دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔ سیکیورٹی حکام کے مطابق اطلاع ملی تھی کہ شدت پسند دہشت گردی کی منصوبہ بندی کر رہے تھے،جس کے بعد یہ کارروائی کی گئی۔ فورسز نے درسمند اورتورا وڑی میں بھی دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو بھی نشانہ بنایا جس کے نتیجہ میں 9 دہشت گرد مارے گئے، جن میں 3 اہم دہشت گرد شامل ہیں اور ان کے ٹھکانوں کو بھی شدید نقصان پہنچا۔دوسری جانب خیبر ایجنسی کی تحصیل جمرود کے علاقے غنڈی میں بم سڑک کے کنارے نصب کرتے ہوئے پھٹ گیا، جس کے نتیجہ میں دہشت گرد ہلاک ہوگیا۔

یوکرین پارلیمنٹ نے صدر کو برطرف کردیا ، اپوزیشن لیڈر کی رہائی
کیئف ۔ 22 ۔ فروری : ( سیاست ڈاٹ کام ) : یوکرین کی پارلیمنٹ نے صدر وکٹریا نوکو وچ کو آج برطرف کردیا اور ان کے وفاداروں کے انحراف پر فیصلہ کن رائے دہی ہوئی جس میں یہ کہا گیا کہ وہ بحیثیت صدر اپنی دستوری ذمہ داری نبھانے میں ناکام رہے ۔ ملک میں 25 مئی کو انتخابات کا بھی اعلان کیا گیا ہے ۔ وکٹریانوکووچ نے ٹی وی انٹرویو میں پارلیمنٹ کے فیصلہ کو غیرقانونی قرار دیا اور کہا کہ وہ مستعفی نہیں ہوں گے اور ملک چھوڑ کر بھی نہیں جائیں گے ۔ دوسری طرف موافق مغرب اپوزیشن لیڈر یولیا ٹائمو شنکو کو رہا کردیا گیا ۔ احتجاجی عوام نے آج کیئف سٹی پر کنٹرول حاصل کرلیا تھا ۔