ہنگامی لینڈنگ کے دوران طیارہ شعلہ پوش

سنگاپور ۔ 27 جون (سیاست ڈاٹ کام) سنگاپور ایئرلائنز کے ایک مسافر طیارے میں پیر کی صبح سنگاپور شہر میں ہنگامی لینڈنگ کے دوران آگ لگ گئی۔ طیارے نے میلان جانے کے لیے اڑان بھری تھی تاہم ایک انجن کے حوالے سے انتباہی پیغام وصول ہونے کے بعد طیارے نے سنگاپور کے چانگی ایئرپورٹ واپسی کا رخ کیا۔ فضائی کمپنی اور ایئرپورٹ ذمہ داران کے مطابق تمام مسافر محفوظ رہے۔ سرکاری بیان کے مطابق مقامی وقت کے مطابق صبح 6:50 پر سنگاپور ایئرلائنز کے طیارے (Boeing 777-300ER) کے چانگی ایئرپورٹ پر اترنے کے فورا بعد اس کے دائیں طرف کے انجن میں آگ بھڑک اٹھی۔ فضائی کمپنی کے بیان میں بتایا گیا ہے کہ ہنگامی حالات کے ادارے نے آگ کو بجھا دیا اور طیارے میں سوار 222 مسافر اور عملے کے 19 ارکان میں کوئی زخمی نہیں ہوا۔ یاد رہے کہ سنگاپور ایئرلائنز کا واحد حادثہ جس میں جانی نقصان بھی ہوا 31 اکتوبر 2000 کو پیش آیا تھا۔ تائپے کے راستے لاس اینجلس جانے والی پرواز کے دوران مسافر طیارہ تائیوان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر غلط رن وے سے اڑان بھرنے کے سبب تعمیراتی سازوسامان سے ٹکرا گیا۔ حادثے کے نتیجے میں طیارے میں سوار 179 افراد میں سے 83 لوگ اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے۔