بارش کی پیش قیاسی کے پیش نظر کمشنر جی ایچ ایم سی کا اجلاس
حیدرآباد 7 جولائی ( این ایس ایس ) کمشنر جی ایچ ایم سی ڈاکٹر بی جناردھن ریڈی نے آج کہا کہ محکمہ موسمیات نے آئندہ دو تا تین دن کے دوران شدید بارش کی پیش قیاسی کی ہے ایسے میں تمام لائین ڈپارٹمنٹس کو کسی بھی امکانی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے تعاون و اشتراک سے کام کرنا چاہئے ۔ آج سائبر آباد پولیس کمشنریٹ آفس میں ایک اجلاس میں انہوں نے اس خیال کا اظہار کیا ۔ عہدیداروں سے تبادلہ خیال کے دوران کمشنر جی ایچ ایم سی نے کہا کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ تمام عہدیداروں میں بہتر تال میل اور تعاون کے تحت کام کیا جائے تاکہ بارش کے دوران کسی بھی امکانی ہنگامی صورتحال سے نمٹا جاسکے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی راما راؤ اور دوسرے عہدیدار کچھ اہم شکایات کو ٹوئیٹر اور دوسرے سوشیل میڈیا پلیٹ فارمس پر پیش کر رہے ہیں اور انہیں ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کیلئے متعلقہ عہدیداروں کو اہم رول ادا کرنے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جی ایچ ایم سی کی جانب سے حالانکہ سڑکوں کی کھدوائی پر امتناع ہے لیکن سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنے یہ کھدوائی جاری ہے ۔ تاہم اس میں یہ احتیاط کی جا رہی ہے کہ شہریوں کو کوئی مسئلہ درپیش نہ ہونے پائے ۔