مطالبات پر اندرون48گھنٹے جواب دینے حکومت تلنگانہ پر زور
حیدرآباد۔13اکٹوبر ( این ایس ایس) جونیئر ڈاکٹروں نے آج دھمکی دی کہ ان کے دیرینہ مطالبات پر حکومت تلنگانہ کی جانب سے اندرون 48گھنٹے کوئی موثر جواب نہ دیئے جانے کی صورت میں ہنگامی خدمات کا بھی بائیکاٹ کیا جائے گا ۔ ہڑتالی ڈاکٹروں نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ان کے مطالبات کی عدم یکسوئی کی صورت میں وہ گاندھی ہاسپٹل میں ہنگامی طبی خدمات کا بائیکاٹ کرنے پر مجبور ہوجائیں گے ۔ ان کے مطالبات میں سرکاری حکم نامہ 107 کی منسوخی بھی شامل ہے جس کے تحت کنٹراکٹ کی بنیاد پر تقررات کے ساتھ انہیں ایک سال دیہی علاقوں میں خدمات کا لزوم عائد کیا گیاہے ۔ جونیئر ڈاکٹروں نے اس شرط کی مخالفت کرتے ہوئے مستقل بنیاد پر ملازمت دینے کا مطالبہ بھی کیا ہے ۔