ہنگامی حالات میں طیارہ سے مسافرین کا تخلیہ

ممبئی ۔ 28 ۔ مارچ : ( سیاست ڈاٹ کام) : ایرانڈیا کی ایک طیارہ کی حیدرآباد سے آمد کے فوری بعد مسافرین کو ہنگامی حالات میں اتار دیا گیا کیوں کہ پائلٹ کو انجن سے دھویں کے اخراج کا شبہ ہوگیا تھا ۔ ایر انڈیا کے ترجمان نے بتایا کہ اس واقعہ میں کوئی مسافر زخمی نہیں ہوا ۔ جب کہ یہ طیارہ AI-620 میں 120 مسافرین اور عملہ کے 6 ارکان سوار تھے اور حیدرآباد سے پرواز کے بعد آج صبح 7-20 بجے ممبئی ایرپورٹ پر لینڈنگ کی تھی ۔ دریں اثناء پائلٹ کو شبہ ہوگیا تھا کہ انجن سے دھواں نکل رہا ہے ۔ جس کی اطلاع پر فی الفور مسافرین کو باہر نکالنے کا انتظام کرلیا گیا ۔ انہوں نے بتایا کہ طیارہ کے ابتدائی مشاہدہ میں طیارہ کے انجن میں کوئی خرابی نہیں دیکھی گئی حتی کہ تمام ٹائیرس صحیح و سلامت تھے ۔ تاہم ہنگامی حالات میں مسافرین کے تخلیہ کی وجوہات کا پتہ چلانے کی کوشش جاری ہے ۔۔