ہنومان ویائم شالہ کی اراضی کو ویائم شالہ کے نام رجسٹریشن

وی ہنمنت راؤ کی نمائندگی پر چیف منسٹر کے سی آر کی عہدیداروں کو ہدایت
حیدرآباد۔/2جنوری، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے ہنومان ویائم شالہ کی اراضی کو ویائم شالہ کے نام پر رجسٹریشن کرنے کی ہدایت دی ہے۔ نمائش سوسائٹی نامپلی کی طرح سلطان بازار میں ہنومان ویائم شالہ کی اراضی کو متعلقہ ویائم شالہ کمیٹی کے نام پر رجسٹریشن کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ چیف منسٹر نے آج اس سلسلہ میں فیصلہ کرتے ہوئے عہدیداروں کو ہدایت دی ہے۔ ہنومان ویائم شالہ کے صدر وی ہنمنت راؤ رکن پارلیمنٹ نے آج سکریٹریٹ میں چیف منسٹر سے ملاقات کی اور اس سلسلہ میں نمائندگی کی تھی۔ چیف منسٹر نے کہا کہ نمائش اور ویائم شالہ نظام کے دور حکومت سے حیدرآباد میں موجود ہیں اور عوامی زندگی سے ان کا گہرا ربط رہا ہے۔ انہیں دی گئی اراضی لیز کی بنیاد پر ہے جس کے سبب یہ ادارے کوئی بھی ترقیاتی قدم اٹھانے سے قاصر ہیں۔ لہذا چیف منسٹر نے دونوں اداروں کی اراضیات کو ان کی متعلقہ کمیٹیوں کے نام رجسٹریشن کرنے کی ہدایت دی۔ ہنمنت راؤ نے چیف منسٹر کو یادداشت پیش کرتے ہوئے ہنومان ویائم شالہ کی تاریخ اور حیدرآباد میں اس کی اہمیت سے واقف کرایا اور کہا کہ ایک کمیٹی کو یہ مقررہ لیز پر دیا جاتا ہے اور اس میں توسیع کی جارہی ہے۔ لیز پر دیئے جانے کے سبب ویائم شالہ کی منیجنگ کمیٹی کسی بھی ترقیاتی کام کو انجام دینے میں دشواری محسوس کررہی ہے۔ واضح رہے کہ کل ہند صنعتی نمائش کے افتتاح کے موقع پر چیف منسٹر نے کل اعلان کیا تھا کہ نمائش کی مکمل اراضی لیز کے بجائے مستقل طور پر نمائش سوسائٹی کے نام رجسٹرڈ کردی جائے گی۔ انہوں نے اس سلسلہ میں اندرون ایک ہفتہ کارروائی مکمل کرنے کا تیقن دیا تھا۔ اس طرح شہر کے دو قدیم اداروں کی اراضیات کو متعلقہ کمیٹیوں کے نام رجسٹرڈ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔