مظفر نگر 2 ڈسمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) چیف منسٹر اترپردیش آدتیہ ناتھ کی جانب سے یہ دعوی کئے جانے کے بعد کہ لارڈ ہنومان دلت تھے ‘ بھیم آرمی کے سربراہ چندر شیکھر نے آج کہا کہ دلت برادری کے افراد کو چاہئے کہ وہ ملک بھر میں تمام ہنومان مندروں پر قبضہ حالت کرلیں اور وہاں دلتوں کو پجاری بنادیا جائے ۔ راجستھان کے الور ضلع میں ایک ریلی کے دوران آدتیہ ناتھ نے کہا تھا کہ ہنومان ایک دلت تھے ۔
انہوں نے تمام برادریوں کو متحد کرنے کا کام کیا تھا ۔ اس پر اپنے رد عمل میں چندر شیکھر آزاد نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ دلتوں کو چاہئے کہ وہ ملک بھر میں تمام ہنومان مندروں پر قبضہ حالت کرلیں اور وہاں دلت پجاریوں کا تقرر عمل میں لایا جائے ۔ آدتیہ ناتھ کو ان ریمارکس پر راجستھان کے ایک گروپ نے قانونی نوٹس روانہ کیا ہے اور ان سے کہا کہ وہ لارڈ ہنومان کو دلت قرار دینے پر معذرت خواہی کریں ۔ گذشتہ ہفتے قومی قبائلی کمیشن کے صدر نشین نند کمار سائی نے یہ دعوی کیا تھا کہ لارڈ ہنومان ایک قبائلی تھے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ دعوی سے یہ بات کہہ سکتے ہیں۔