ہنومان جینتی جلوس کا پرامن اختتام

پولیس کے وسیع انتظامات ‘ بعض مقامات پر اشتعال انگیز نعرہ بازی
حیدرآباد 31 مارچ ( سیاست نیوز ) شہر میں ہنومان جینتی جلوس کا پرامن اختتام عمل میں آیا ۔ شہر کے مختلف مقامات سے نکالے گئے جلوس مرکزی شکل اختیار کرتے ہوئے گولی گوڑہ سے تاڑبن پہونچے ۔ جلوس کے پیش نظر سٹی پولیس کی جانب سے غیر معمولی صیانتی انتظامات کئے گئے تھے اور مرکزی جلوس کے راستے پر جگہ جگہ پولیس پکٹ تعینات کئے گئے ۔ پرانے شہر حیدرآباد کے علاوہ منگل ہاٹ ، ملے پلی ، آصف نگر ، نامپلی و دیگر مقامات پر پولیس نے سخت چوکسی اختیار کی تھی جب کہ جلوس کی گذر گاہوں پر موجودہ مذہبی مقامات کو چادروں اور پردوں سے ڈھانک دیا گیا تھا اور پولیس کے پہرے کو سخت کردیا گیا ۔ جلوس میں شریک چند افراد کی جانب سے اشتعال انگیز نعرے اور متنازعہ نغموں کو بجاکر ماحول کو بگاڑنے کی کوشش کی گئی جبکہ حساس و انتہائی حساس مقامات پر پولیس کے اعلیٰ عہدیدار صیانت انتظامات کی کمان سنبھالے ہوئے تھے ۔ بالخصوص ڈپٹی کمشنر کرائم اویناش موہنتی نے کوٹھی و گولی گوڑہ کے علاقہ میں قابل ستائش خدمات انجام دیں اور جلوس کو تیزی سے گذار دیا ۔ پرانے شہر میں ڈی سی پی ساوتھ زون مسٹر ستیہ نارائنا اور ایڈیشنل ڈی سی پی مسٹر غوث محی الدین رات دیر گئے تک گشت کرتے ہوئے حالات کا جائزہ لے رہے تھے ۔ کسی بھی اطلاع پر ڈی سی پی ساوتھ زون فوری مقام پر پہونچ کر اقدامات کرتے دکھائی دئیے ۔ سٹی پولیس کمشنر مسٹر انجنی کمار کمانڈ کنٹرول کے علاوہ شہر کے مختلف مقامات پر پہونچکر انتظامات کا جائزہ لیا اور عہدیداروں کو ہدایت دئے ۔ رات دیر گئے جلوس کے اختتام پر سٹی پولیس نے چین کی سانس لی ۔