ہنمکنڈہ میں چیف منسٹر تلنگانہ کے لیے گیسٹ ہاوز

اہم شخصیتوں کے سوٹس بھی شامل ، 7.64 کروڑ کی منظوری
حیدرآباد ۔ 28 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز ) : چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر کے لیے حیدرآباد میں 35 کروڑ روپئے کے مصارف سے عالیشان سرکاری رہائش گاہ تعمیر کرنے کے بعد ہنمکنڈہ میں بھی چیف منسٹر کے لیے خصوصی گیسٹ ہاوز تعمیر کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے 7.64 کروڑ روپئے منظور کیے گئے ۔ چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر کے لیے شہر حیدرآباد میں 9 ایکڑ اراضی پر تمام سہولتوں سے آراستہ عالیشان سرکاری مکان تعمیر کیا گیا ۔ اس پر 35 کروڑ روپئے خرچ کیے گئے شہر حیدرآباد کے بعد تلنگانہ کے دوسرے بڑے شہر ورنگل میں بھی چیف منسٹر کے سی آر کے لیے مزید ایک گیسٹ ہاوز تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ ہنمکنڈہ کے سرکٹ گیسٹ ہاوز کے قریب واقع قدیم عمارات و شوارع کے گیسٹ ہاوز کا انہدام کرتے ہوئے دو منزلہ عصری تقاضوں سے لیس گیسٹ ہاوز تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ جس میں چیف منسٹر کے لیے خصوصی سوٹ قائم کیا جائے گا ۔ اس کے علاوہ دوسرے وی آئی پیز کے لیے بھی دو علحدہ سوٹس تعمیر کرنے سے اتفاق کیا گیا ۔ وسیع ڈائننگ ہال تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ چیف منسٹر کے سیکوریٹی عہدیداروں کے لیے ریسٹ رومس بنائے جارہے ہیں ۔ چیف منسٹر کے حفاظتی دستے کے لیے بھی علحدہ رومس تعمیر کیے جارہے ہیں ۔ دو ایکڑ اراضی پر مشتمل قدیم گیسٹ کو انہدام کرتے ہوئے اس کی 11.945 مربع گز اراضی پر گیسٹ ہاوز تعمیر کیا جائے گا ۔ گراونڈ فلور پر وسیع ہال تعمیر کرنے کے ساتھ ، وی آئی پی لانچ ، پریس کانفرنس ہال ، وی وی آئی پیز لانچ تعمیر کیے جائیں گے ۔ پہلی منزل پر 3 وی آئی پی سوٹس ، بڑا ڈرائنگ ہال اور ڈائننگ ہال تعمیر کیا جائے گا ۔ صحت و تندرستی کے لیے جم کے ساتھ 4 ڈرائننگ رومس تعمیر کیے جائیں گے ۔ سابق وزیر اعظم آنجہانی پی وی نرسمہا راؤ جب بھی ضلع ورنگل کے دورے پر آیا کرتے تھے اس گیسٹ ہاوز میں قیام کرتے تھے ۔ خستہ حالت کا شکار ہونے کے بعد قدیم گیسٹ ہاوز کو بند کردیا گیا تھا ۔ علحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے بعد ریاستی وزیر عمارات و شوارع ٹی ناگیشور راؤ نے گذشتہ سال 2 اکٹوبر کو نیا گیسٹ ہاوز تعمیر کرنے کا سنگ بنیاد رکھا تھا ۔۔