مسلم قبرستان کو پارکنگ لاٹ میں تبدیل کرنے کے خلاف مقامی افراد کی نمائندگی ، صدر نشین وقف بورڈ کی ہدایت
حیدرآباد۔28 ڈسمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ وقف بورڈ نے ہنمکنڈہ میونسپل کارپوریشن کے کمشنر، کلکٹر اور پولیس عہدیداروں کو نوٹس جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ مسلم قبرستان کا تحفظ کیا جاسکے۔ ضلع ورنگل کے ہنمکنڈہ میں اینوگولا گڈا مسلم قبرستان کی اراضی کو بلدی حکام نے پارکنگ لاٹ میں تبدیل کردیا ہے اور وہاں موجود قبروں کو مسمار کردیا گیا۔ صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم نے آج مقامی افراد کی نمائندگی کے بعد چیف ایگزیکٹیو آفیسر منان فاروقی کو یہ ہدایت دی۔ صدرنشین کھادی اینڈ ولیج انڈسٹریز یوسف زاہد کی قیادت میں قبرستان کی منیجنگ کمیٹی کے ذمہ داروں نے آج صدرنشین وقف بورڈ سے ملاقات کی اور قبرستان کی حفاظت کے لیے اقدامات کی اپیل کی۔ کمیٹی کے عہدیداروں نے بتایا کہ میونسپل کارپوریشن اور ٹریفک پولیس کی مدد سے قبرستان کو پارکنگ لاٹ میں تبدیل کردیا گیا اور وہاں باقاعدہ سائن بورڈ آویزاں کیا گیا ہے۔ یوسف زاہد اور کمیٹی کے دیگر ارکان نے اس معاملہ کو وقف ٹربیونل سے رجوع کرتے ہوئے احکامات حاصل کرنے کی تجویز پیش کی۔ وفد نے ورنگل ضلع میں اوقافی اراضیات اور جائیدادوں کی تباہی کی تفصیلات سے واقف کرایا اور کہا کہ کئی اہم اراضیات غیر مجاز قابضین کے کنٹرول میں ہیں۔ محمد سلیم کی ہدایت پر چیف ایگزیکٹیو آفیسر نے کمشنر بلدیہ اور دیگر متعلقہ عہدیداروں کو نوٹس جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور توقع ہے کہ کل تک نوٹس روانہ کردی جائے گی۔ اس نوٹس میں وقف اراضی کے تحفظ کے لیے اقدامات کا مطالبہ کرتے ہوئے قبرستان کے وقف ہونے سے متعلق ریکارڈ کی تفصیلات بھی روانہ کی جائیں گی۔ وفد نے بتایا کہ سروے نمبر 207 کے تحت یہ قبرستان موجود ہے اور 1997ء میں جس وقت شالینی مشرا میونسپل کمشنر تھیں، انہوں نے پارکنگ لاٹ اور ملگیات کی تعمیر کا منصوبہ بنایا تھا۔ ڈسٹرکٹ وقف کمیٹی ورنگل اور وقف بورڈ نے اس فیصلے کے خلاف ورنگل سیول کورٹ سے حکم التوا حاصل کیا۔ وقف ٹربیونل کی تشکیل کے بعد سیول کورٹ نے اس معاملہ کو ٹربیونل سے رجوع کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے درخواست کو مسترد کردیا۔ وقف بورڈ نے ہائی کورٹ میں اپیل دائر کی اور ہائی کورٹ نے اس معاملہ کو ٹربیونل سے رجوع کرنے کی ہدایت دی۔ وفد نے بتایا کہ بورڈ کی جانب سے ابھی تک ٹربیونل میں درخواست دائر نہیں کی گئی اور اس تاخیر سے فائدہ اٹھاکر میونسپل کمشنر نے اے سی پی ٹریفک ورنگل کی مدد سے قبرستان کی پوری اراضی پر قبروں اور پتھروں کی صفائی کرتے ہوئے پارکنگ لاٹ میں تبدیل کردیا ہے۔ اس سلسلہ میں میونسپل کمشنر اور دیگر عہدیدار وقف کمیٹی کی سماعت کے لیے تیار نہیں ہے۔ میونسپل کارپوریشن کی اس غیر قانونی حرکت کے خلاف وقف ٹربیونل سے رجوع ہونے کی درخواست کی گئی۔ صدرنشین محمد سلیم نے کہا کہ بورڈ اس قبرستان کا ہر ممکن تحفظ کرے گا اور ضرورت پڑنے پر نامور وکلا کی خدمات حاصل کرتے ہوئے مقدمہ کی پیروی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کو اس معاملہ سے واقف کراتے ہوئے قبرستان کا تحفظ کیا جائے گا۔