ہنمنت راؤ کے چیلنج کو کے ٹی آر نے قبول نہیں کیا

جوبلی ہلز کی مندر نہیں پہنچے، خانگی کمپنی سے لاعلمی کا بیان جھوٹا ثابت، حکومت کے زوال کیلئے ہنمنت راؤ کی پرارتھنا

حیدرآباد ۔ 30۔ اپریل (سیاست نیوز) ٹی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی راما راؤ نے کانگریس کے سینئر قائد وی ہنمنت راؤ کے چیلنج کو قبول نہیں کیا۔ وہ ہنمنت راؤ کے چیلنج کے مطابق جوبلی ہلز میں واقع پدما گڑی مندر قسم کھانے کیلئے نہیں پہنچے۔ انٹرمیڈیٹ نتائج میں بے قاعدگیوں کیلئے ذمہ دار خانگی کمپنی گلوبرینا سے کے ٹی آر کے روابط کا ہنمنت راؤ نے الزام عائد کیا تھا جس پر کے ٹی آر نے کہا کہ وہ اس کمپنی سے واقف ہی نہیں ہے۔ کے ٹی آر کے بیان کو مسترد کرتے ہوئے ہنمنت راؤ نے انہیں پداما گڑی مندر آنے کا چیلنج کیا تاکہ وہ قسم کھاکر خانگی ادارہ سے لاعلمی کا اظہار کریں۔ ہنمنت راؤ اپنے چیلنج کے مطابق صبح 9.30 بجے مندر پہنچ گئے اور 12 بجے دن تک کے ٹی آر کا انتظار کیا ۔ کے ٹی آر توقع کے مطابق مندر نہیں آئے جس کے بعد ہنمنت راؤ نے خانگی کمپنی سے کے ٹی آر کے روابط کے بارے میں ثبوت ہونے کا دعویٰ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ بہت جلد ثبوت عوام کے درمیان پیش کردیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ اگر کے ٹی آر سچے ہوتے تو ضرور مندر آتے اور دیوی کی قسم کھاتے۔ وہ جھوٹ کہنے کیلئے قسم اٹھانے تیار نہیں لہذا وہ مندر نہیں آئے۔ ہنمنت راؤ نے کہا کہ کے ٹی آر کے برادر نسبتی راج پاکالا گلوبل سرویسز نامی کمپنی کے سی ای او ہیں۔ ان کے دوست راجو گلوبرینا ٹکنالوجی کے مالک ہیں۔ اس ادارہ کو کے ٹی آر کی سفارش کے بعد ہی انٹرمیڈیٹ امتحانات کا کنٹراکٹ دیا گیا تھا ۔ ہنمنت راؤ نے کہا کہ انہوں نے دیوی سے پرارتھنا کی ہے کہ طلبہ کی خودکشی کیلئے جو بھی ذمہ دار ہیں، ان کو سزا دی جائے ۔ حکومت نے لاکھوں طلبہ کے مستقبل سے کھلواڑ کیا ہے ۔ ہنمنت راؤ نے کہا کہ تلنگانہ میں پاپ دن بہ دن بڑھ رہے ہیں ۔ دلتوں پر مظالم میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کے ٹی آر کبھی بھی تلنگانہ تحریک میں نہیں رہے۔ ہریش راؤ نے تحریک میں اہم رول ادا کیا لیکن انہیں نظر انداز کردیا گیا۔ کے سی آر اپنے فرزند کو سیاسی جانشین کے طور پر پیش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے پاس چنڈی یاگم اور پیٹھادیپتی سے ملاقات کیلئے وقت ہے لیکن خودکشی کرنے والے طلبہ کے ایک بھی خاندان سے ملاقات نہیں کی گئی۔ کے سی آر خاندان کی بھگوان پر بھکتی ہے، اس کے باوجود کے ٹی آر مندر نہیں آئے۔ ٹوئیٹر پر ہمیشہ سرگرم رہنے والے کے ٹی آر نے پسماندگان کو پرسہ دینے کی زحمت نہیں کی۔ ہنمنت راؤ نے کہا کہ گلوبرینا کمپنی سے کے ٹی آر کے تعلقات ثابت ہوچکے ہیں ۔