ہنر ہاٹ سے ہنر مندوںکی حوصلہ افزائی : نقوی

نئی دہلی، 26فروری (سیاست ڈاٹ کام)مرکزی وزیر مملکت برائے اقلیتی امور (آزادانہ چارج) مختار عباس نقوی نے آج کہا کہ وزارت اقلیتی امور کی طر ف سے لگایا گیا ‘ہنر ہاٹ ‘ ملک بھر کے ہنر مند استادوں کی حوصلہ افزائی ، مارکیٹ اور روزگار کے نئے مواقع فراہم کرانے کا ایک موثر ذریعہ ثابت ہوا۔مسٹر نقوی نے ہنرہاٹ کے اختتامی دن یہاں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ کناٹ پلیس کے بابا کھڑگ سنگھ مارگ پر گیارہ فروری سے 26 فروری تک لگائے گئے ہنر ہاٹ سے جہاں ملک کے فنکاروںاور دست کاروں کو موقع اور مارکیٹ کا ایک پلیٹ فارم ملا وہیں اس نے سماجی اور فرقہ وارانہ خیر سگالی کو بھی بڑھاوا دیا۔انہوں نے کہا کہ اس ہنر ہاٹ میں 26 لاکھ سے زائد افراد نے شرکت کی۔ جن میں ملک وبیرون ملک کے لوگ بھی شامل تھے ۔ لوگوں نے دستکاروں اور ہاتھ سے بنایا گئی چیزوں کی لاکھوں روپے کی خریداری کی اور انہیں ملک وبیرون ملک سے لاکھوں روپے کے سازوسامان کے آرڈر بھی ملے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہنر کے استادوں کی روایتی وراثت کی حوصلہ افزائی کرنے کے مضبوط مشن کے تحت منعقدہ یہ دوسرا ہنر ہاٹ امیدوں سے زیادہ مقبول ہوا۔دستکاروں اور پکوانوں کے سنگم کے تھیم پر مبنی اس ہنر ہاٹ کی خاصیت ملک کے مختلف حصوں سے لائے گئے ہاتھوں سے تیار کئے گئے سازوسامان اور ہر علاقے کا مشہور پکوان رہی۔