نئی دہلی، 2 اگست (سیاست ڈاٹ کام) حکومت نے آج کہا کہ ملک میں ہنرمند اور تربیت یافتہ لوگوں کی بھاری کمی ہے، اس لئے حکومت اس ضرورت کو پورا کرنے کیلئے تمام اضلاع میں اسکل ڈولپمنٹ سنٹرس تیزی سے قائم کرنے پر زور دے رہی ہے۔ اسکل ڈولپمنٹ کے وزیر راجیو پرتاپ روڈی نے لوک سبھا میں آج ایک ضمنی سوال کے جواب میں کہا کہ اسکلڈ اور تربیت یافتہ لوگوں کی ملک میں جتنی ضرورت ہے اس کے مقابلے میں ان کی تعداد بہت کم ہے ۔ اس کمی کو دور کرنے کے لئے ملک کے مختلف حصوں میں 512 وزیراعظم اسکل ڈولپمنٹ مرکز قائم کئے جانے ہیں اور اب تک 212 مراکز قائم کئے جا چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شمال مشرقی ریاستوں میں اس معاملے میں خصوصی توجہ دی جا رہی ہے ، کیونکہ وہاں کے حالات ملک کے دیگر حصوں کی بہ نسبت مختلف ہیں۔ اس لیے وہاں مقامی صورت حال کے مطابق اسکل ڈولپمنٹ پروگرام چلایا جارہا ہے ۔ اس کے لئے قومی سطح پر جو معیار بنائے جا رہے ہیں وہ شمال مشرقی ریاستوں کے مطابق نہیں ہیں، اس لئے حکومت اس پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ روڈی نے کہا کہ اسکل ڈولپمنٹ پروگرام کے لئے 5 ہزار روپے تک کا بھتہ طالب علموں کو دیا جا رہا ہے۔
اگر ایک ضلع سے دوسرے ضلع میں اسکل ڈولپمنٹ پروگرام کے لئے نوجوان جاتے ہیں تو وہاں بھی انہیں بھتہ دیا جاتا ہے ۔اسکل ڈولپمنٹ کو بہتر بنانے کے لئے صنعتی تربیت انسٹی ٹیوٹ (آئی ٹی آئی) کے ٹریڈ بدلے گئے ہیں۔