بیجنگ ۔ 5 جون (سیاست ڈاٹ کام) چین نے آج وزیراعظم ہند نریندر مودی کے ان ریمارکس کا خیرمقدم کیا کہ ہند ۔ چین کی سرحد پر سرحدی تنازعہ کے باوجود گذشتہ 40 برسوں کے دوران اب تک فائرنگ کا کوئی واقعہ پیش نہیں آیا۔ چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان ہوا چننگ نے میڈیا بریفنگ کے دوران کہا کہ وزیراعظم کے ریمارکس کا ہم خیرمقدم کرتے ہیں۔ اگر ہر ملک کا سربراہ ایسے مثبت بیانات یا ریمارکس کرے تو کسی بھی ملک کے درمیان کبھی کوئی تنازعہ نہ ہو۔ یاد رہیکہ نریندر مودی نے گذشتہ ہفتہ روس کا دورہ کیا تھا جہاں انہوں نے اپنے ایک خطاب کے دوران کہا تھاکہ آج جس طرح دنیا کا ہر ملک ایک دوسرے سے مربوط ہے اور ایک دوسرے پر انحصار کرنے والا ہے اور یہ ایک ایسی مثبت تبدیلی ہے جس نے ہندوستان اور چین کو بھی سرحدی تنازعات کے باوجود باہم تجارت کرنے پر مجبور کردیا ہے۔ سینٹ پیٹرس برگ انٹرنیشنل اکنامک فورم کے پیانل مباحثہ میں شریک نریندر مودی نے کہا تھا کہ یہ سچ ہیکہ چین کے ساتھ ہمارا سرحدی تنازعہ ہے لیکن یہ بھی حقیقت ہیکہ گذشتہ 40 برسوں کے دوران اس تنازعہ کی وجہ سے دونوں ممالک کی فوجوں کے درمیان کبھی بھی فائرنگ کا تبادلہ نہیں ہوا۔