ہند ۔ چین دفاعی مذاکرات کا اختتام

بیجنگ ۔ 10 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان اور چین کے دفاعی عہدیداروں نے آج اپنے 3 روزہ مذاکرات کا اختتام کردیا جس میں کئی حساس مسائل بشمول سرحد کے ایسے مقامات کی نشاندہی جہاں باہمی تبادلہ خیال اور بحالی اعتماد اقدامات دونوں ممالک کے درمیان بہتر بنائے جاسکتے ہیں۔ ساتویں سالانہ دفاعی و صیانتی مذاکرات ہندوستان اور چین کے درمیان منعقد کئے گئے تھے، جس میں چین نے خواہش ظاہر کی کہ اس کی بحری شاہراہ ریشم پراجکٹ کو ہندوستان کے ’’موسم‘‘ منصوبوں سے مربوط کردیا جائے اور ہندوستان۔ چین اور سری لنکا میں سہ فریقی تعاون کیا جائے تاکہ ہندوستان کے صیانتی اندیشوں کا جو بحرہند کے علاقہ میں پائے جاتے ہیں، ازالہ کیا جاسکے۔ بات چیت میں رفتار اس لئے پیدا ہوگئی کیونکہ وزیراعظم ہندوستان نریندر مودی آئندہ ماہ چین کا دورہ کرنے والے ہیں۔ معتمد دفاع آر کے ماتھر کی زیرقیادت ہندوستانی وفد نے وزیر دفاع چین چانگ وین کوانگ کی زیرقیادت وفد سے مختلف فوجی اہمیت کے تعلقات پر تبادلہ خیال کیا۔