ہند ۔ چین تعلقات کو نئی بلندیوں تک لیجانا اولین ترجیح

ظہیر الدین علی خاں
بیجنگ ۔ یکم جولائی :وزیر اعظم نریندر مودی سے اپنی پہلی ملاقات سے قبل چین کے صدر ژی جن پنگ نے کہا کہ ان کی حکومت کیلئے ہندوستان کے ساتھ باہمی تعلقات کو نئی بلندی تک لیجانا اولین ترجیح ہے ۔ انہوں نے ایک علاقائی معاشی تنظیم کے قیام میں ہندوستان سے مدد بھی طلب کی ہے ۔ مسٹر ژی نے کل نائب صدر جمہوریہ ہندوستان جناب حامد انصاری سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ چین ہندوستان کو ایک اہم شراکت دار سمجھتا ہے اور چینی ڈپلومیسی کیلئے ہندوستان کے ساتھ تعلقات کو بہتر بنانا اولین ترجیح ہے ۔

مسٹر ژی نے حامد انصاری سے کہا کہ چین ‘ ہندوستان کی نئی حکومت کے ساتھ باہمی تعلقات کو نئی بلندیوں تک لیجانے مل کر کام کرنے تیار ہے ۔ نائب صدر جمہوریہ کل رات دیر گئے ہندوستان واپس ہوئے ۔ انہوں نے چین کا پانچ روزہ دورہ کیا جس دوران انہوں نے مسٹر ژی کے علاوہ وزیر اعظم لی کیقیانگ اور چین کے نائب صدر آئی یوانچاؤ کے ساتھ بھی بات چیت کی ۔ چین کے تینوں ہی اعلی قائدین کے ساتھ ملاقات جناب حامد انصاری کیلئے ایک اعزاز سے کم نہیں ہے ۔ صدر چین نے اس بات پر زور دیا کہ دونوں ملکوں کو چاہئے کہ وہ اپنی سیاسی جماعتوں ‘ مقننہ اور مقامی حکومتوں کے مابین رابطوں میں اور مراسلت میں اضافہ کریں تاکہ ایک دوسرے کو سمجھنے میں مدد مل سکے اور اعتماد کا ماحول پیدا ہوسکے ۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ دونوں ملکوں کو چاہئے کہ اپنے تنازعات کو مناسب انداز میں حل کرنے دیرپا امور کو ذہن میں رکھیں ۔

صدر چین کی جناب حامد انصاری کے ساتھ بات چیت چینی صدر کی وزیر اعظم نریندر مودی سے مجوزہ ملاقات پر مرکوز رہی ۔ دونوں ممالک جاریہ مہینے برازیل میں برکس چوٹی کانفرنس کے موقع پر ملاقات کرسکتے ہیں۔ اس کے بعد جاریہ سال کے اواخر میں صدر چین ہندوستان کا دورہ بھی کرنے والے ہیں۔ جناب حامد انصاری کی بات چیت برازیل میں مسٹر مودی اور مسٹر ژی کی ملاقات کا پیش خیمہ رہی ہے ۔ جب تک چینی صدر ہندوستان کا دورہ کرنے والے ہیں اس وقت تک چینی فرمس ہندوستان میں صنعتی پارکس قائم کرنے کے منصوبوں کو قطعیت دینے والے ہیں اور اس ملاقات میں ان منصوبوں کو حتمی شکل دی جائیگی ۔