ہند ۔ پاک کے مابین پس پردہ مذاکرات کا احیاء ۔ پاکستانی سفیر برائے امریکہ

واشنگٹن 24 جون ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستان اور پاکستان نے گذشتہ مہینے وزرائے اعظم نریندر مودی اور نواز شریف کی ملاقات کے بعد دہشت گردی اور دیگر مسائل پر بات چیت کیلئے پس پردہ مذاکرات کا احیاء عمل میں لایا ہے ۔ پاکستانی سفیر برائے امریکہ جلیل عباس جیلانی نے آج یہ بات بتائی ۔ ایک مشہور امریکی ادارہ کی جانب سے منعقدہ تقریب میں یہ انکشاف کرتے ہوئے جیلانی نے کہا کہ پاکستان میں اس حقیقت سے زیادہ سے زیادہ اتفاق ہو رہا ہے کہ ہندوستان کے ساتھ تعلقات کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے ۔

خاص طور پر تجارتی اور معاشی شراکت داری پر توجہ دینی چاہئے ۔ مسٹر جیلانی نے کہا کہ وزیر اعظم مودی کی نوام شریف کے ساتھ نئی دہلی میں 26 مئی کو ہوئی ملاقات کے بعد پس پردہ مذاکرات کا احیاء عمل میں لایا گیا ہے تاکہ دہشت گردی اور دوسرے مسائل کی یکسوئی ہوسکے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ تجویز ہے کہ دہشت گردی پر ایک سنجیدہ میکانزم تیار کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ میکانزم قومی سلامتی مشیر کی سطح پر قائم کرنے کی پاکستان نے تجویز پیش کی ہے ۔ انہوں نے مزید تفصیلات بتانے سے انکار کردیا ۔