سرینگر ۔ 4 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) حریت کانفرنس کے اعتدال پسند دھڑے نے ہندوستانی اور پاکستان کے معتمدین خارجہ کی ملاقات کو مثبت پیشرفت قرار دیا لیکن دونوں ملکوں کے وزرائے اعظم پر زور دیا کہ وہ مسئلہ کشمیر کو ترجیحی بنیاد پر مزید سنجیدگی کے ساتھ نمٹیں۔ حریت کانفرنس کے اعتدال پسند گروپ نے اپنی مجلس عاملہ کے اجلاس کے بعد کہا کہ ’’(معتمدین خارجہ کی) ملاقات ایک مثبت پیشرفت ہے اور حریت کانفرنس ہمیشہ ہی ایسے کسی اقدام کا خیرمقدم کرتی ہے جس سے ہندوستان اور پاکستان کے مابین اعتماد سازی ہوتی ہے اور تعلقات بہتر ہوسکتے ہیں۔ چنانچہ کسی بھی عمل کیلئے یہ ضروری ہیکہ وہ تنازعہ کشمیر کو حل کرے‘‘۔