ہند ۔ پاک مذاکرات ناگزیر پاکستانی سفیر عبدالباسط کا سبکدوشی سے قبل خطاب

نئی دہلی ۔ 29 ۔ جولائی : ( سیاست ڈاٹ کام ) : پاکستان سے سبکدوش ہورہے ہائی کمشنر عبدالباسط نے دونوں پڑوسی ممالک کے مابین تعلقات بہتر بنانے کے لیے مذاکرات کو انتہائی ضروری قرار دیا ۔ اس کے لیے دونوں ممالک ’ دو اور لو ‘ کی پالیسی اختیار کریں ۔ انہوں نے کشمیری عوام کو حق خود اختیاری کی وکالت کرتے ہوئے مذاکرات کی تائید کی ۔ انہوں نے کہا کہ تنازعہ کشمیر کی حقیقی معنوں میں یکسوئی ہونی چاہئے ۔ عبدالباسط اپنا عہدہ چھوڑنے سے قبل ساوتھ ایشیا فورم فار آرٹ اینڈ کریٹیو ہریٹیج کے نئی دہلی میں منعقدہ عوامی پروگرام سے آخری مرتبہ خطاب کررہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کو پہلے یہ فیصلہ کرنا ہوگا کہ بات چیت ضروری ہے جیسا کہ شرم الشیخ میں فیصلہ کیا گیا تھا کہ دہشت گردی کو مذاکرات سے الگ رکھا جائے گا ۔ انہوں نے ہم ایسی طاقتوں کے یرغمال نہ بن جائیں جو پیشرفت نہیں چاہتی ۔انہوں نے کہا کہ ہندوستان اور پاکستان کو مذاکرات کی میز پر آنا چاہئے۔