ہند ۔ پاک تعلقات کے ’’اچھے دن ‘‘ آرہے ہیں

نئی دہلی۔ 17 جون ￿(سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی کی اصطلاحات مستعار لیتے ہوئے پاکستانی سفیر برائے ہندوستان نے آج کہا کہ ہندوستان اور پاکستان کے باہمی تعلقات کے ’’اچھے دن آرہے ہیں‘‘۔ انہوں نے اُمید ظاہر کی کہ ہندوستان کے ساتھ تعصب برتے بغیر اُسے پاکستانی بازاروں میں داخلے کی اجازت دی جائے گی اور ہند۔ پاک مذاکرات کا عنقریب احیاء ہوگا۔ پاکستانی سفیر عبدالباسط نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ باہمی مذاکرات کے عنقریب احیاء کی اُمید ہے۔

اس کے بعد وزیراعظم ہندوستان اور وزیراعظم پاکستان کی ملاقات ہوگی اور تمام مسائل پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اُمید ظاہر کی کہ وقت آنے پر پیشرفت بھی ہوگی۔ وہ ہندوستان کو ایم ایف این یا ایف ڈی ایم این کا موقف دینے کے بارے میں ایک سوال کا جواب دے رہے تھے۔ کتاب ’’پاکستان : دوسری پاکستانی طرزِ زندگی کی نمائش‘‘ کی تقریب رونمائی میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک اپنے اپنے قائدین کو زبردست اکثریت کے ساتھ انتخابی کامیابی عطا کرچکے ہیں، تاکہ دونوں ممالک کے درمیان بہتر مفاہمت ہوسکے۔

انہوں نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ ’’اچھے دن آرہے ہیں‘‘۔ مودی نے یہ تاثر انتخابی مہم کے دوران ظاہر کیا تھا اور عام انتخابات میں کامیابی حاصل کی تھی۔ وزیراعظم پاکستان نواز شریف، نریندر مودی کی بحیثیت وزیراعظم تقریب حلف برداری میں شرکت کرچکے ہیں اور مختلف مسائل پر تبادلہ خیال کرچکے ہیں۔ پاکستان نے فیصلہ کیا ہے کہ ہندوستان کو ایم ڈی ایم این کا موقف عطا کرنے کا فیصلہ ملتوی کردیا جائے کیونکہ اندرون ملک اس سلسلے میں اتفاق رائے موجود نہیں ہے۔ باہمی تجارتی مذاکرات گزشتہ سال ملتوی کردیئے گئے تھے جبکہ خط ِ قبضہ پر پُرتشدد صورتحال پیدا ہوئی تھی۔