ہند ۔ پاک بات چیت کے احیاء کیلئے امریکہ کا دونوں ممالک سے ربط

واشنگٹن۔ 20 اگست (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ نے ہندوستان اور پاکستان میں اپنے سفارت خانوں کے ذریعہ حکومت ہند اور پاکستان سے ربط پیدا کیا ہے تاکہ باہمی بات چیت کا احیاء کیا جاسکے جسے نریندر مودی حکومت نے پاکستان کے علیحدگی پسند کشمیری قائدین سے ربط پیدا کرنے پر منسوخ کردیا ہے۔ وزارتِ خارجہ امریکہ کی ترجمان ماری ہارف نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’ہم ہندوستان اور پاکستان کی دونوں کی حکومتوں سے اپنے سفارت خانوں کے ذریعہ راست ربط پیدا کئے ہوئے ہیں اور اس مسئلہ پر بات چیت کررہے ہیں۔ ہماری کوششوں کو دونوں ممالک کے باہمی تعلقات بہتر ہونے سے تقویت ملے گی۔ اس لئے ہم انہیں بہتر بنانے کے تمام اقدامات کررہے ہیں۔

شمالی کوریا میں حلیہ کی بناء پر جان کیری کی توہین
سیئول۔ 20 اگست (سیاست ڈاٹ کام) اپنے تازہ ترین شخصی حملے میں شمالی کوریا کے ایک عہدیدار نے وزیر خارجہ امریکہ جان کیری کو ’’بھیڑیا‘‘ قرار دیا جس کے ’’خونخوار دانت‘‘ پوشیدہ ہیں۔ شمالی کوریا نے امریکی اور جنوبی کوریا کے قائدین کی توہین کا ایک سلسلہ شروع کررکھا ہے۔ قبل ازیں صدر امریکہ براک اوباما کو ’’بندر‘‘ اور صدر جنوبی کوریا پارک گیون ہائی کو ’’طوائف‘‘ قرار دیا گیا تھا۔ کیری کی توہین پر مبنی بیان کوریائی زبان میں جاری کیا گیا ہے۔