ہند ۔ قطر باہمی تعلقات پر آج بات چیت

نئی دہلی ۔ 4 جون ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستان اور قطر اپنے باہمی تعلقات میں پیش رفت کیلئے نظرثانی کریں گے اور علاقائی اور بین الاقوامی اُمور پر تبادلۂ خیال کریں گے ۔ کل دونوں ممالک کے قائدین کے درمیان بات چیت ہورہی ہے ۔ دفتر خارجہ کی مشاورت کے دوسرے مرحلے کے حصہ کے طورپر یہ بات چیت ہوگی ۔ ہندوستان کی جانب سے سکریٹری انیل وڈوا نمائندگی کریں گے جبکہ قطر کے وفد کی محمد بن عبداللہ بن مطب الرومحی قیادت کریں گے ۔ ان کے ہمراہ اسسٹنٹ منسٹر انچارج برائے ایشیاء خارجی اُمور بھی رہیں گے ۔ قطر تجارتی اُمور میں ہندوستان کا اہم حلیف ملک ہے ۔ خلیجی خطہ میں دونوں ملکوں کے درمیان باہمی تجارت 2013-14 میں 16.71 بلین ڈالر تک پہونچ گئی تھی ۔ قطر ہندوستان کو سب سے زیادہ ایل این جی سربراہ کرنے والا ملک ہے۔

205 ہیڈ کانسٹبلس کو سب انسپکٹرس کا عہدہ
سرینگر۔ 4 جون (سیاست ڈاٹ کام) زائد از 200 ہیڈ کانسٹبلس کو جموں و کشمیر میں سب انسپکٹر کے عہدوں پر ترقی دی گئی۔ پولیس ترجمان نے بتایا کہ ڈپارٹمنٹل پروموشن کی ایک میٹنگ میں یہ فیصلہ کیا گیا۔ انسپکٹر جنرل آف پولیس کشمیر اے جی میر نے میٹنگ کی صدارت کی جہاں انہوں نے 205ء ہیڈ کانسٹبلس کو سب انسپکٹر کے عہدہ پر ترقی دینے کی تجویز کو منظور کرلیا۔ اپنے تہنیتی پیغام میں انہوں نے ترقی پانے والے افسران اور ان کے ارکان خاندان کو مبارکباد دی اور کہا کہ انہیں توقع ہے کہ تمام افسران اپنے فرائض بخوبی انجام دیتے ہوئے ملک و قوم کی خدمت کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔