نئی دہلی ۔ یکم ؍ نومبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان اور بھوٹان نے اتفاق کیا کہ 2018ء میں دونوں پڑوسی ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی گولڈن جوبلی تقاریب منائی جائیں گی۔ اگر رام ناتھ کووند اور شاہ بھوٹان جگمے خیسر نامگیال وانگچک کی ملاقات کے دوران یہ فیصلہ کیا گیا اور شاہ بھوٹان نے صدرجمہوریہ کو 2018ء کی ہند ۔ بھوٹان سفارتی تعلقات کی گولڈن جوبلی سال تقاریب کا دعوت نامہ دیا۔ قبل ازیں دن میں کووند نے شاہ بھوٹان کی شخصی دلچسپی اور رہنمائی کی ستائش کی تھی جس کے ذریعہ ڈوکلام علاقہ میں صورتحال معمول پر آسکی۔ انہوں نے کہا کہ شاہی گھرانے کا دورہ ہند دونوں ممالک کیلئے ایک اہم سنگ میل ہے جس سے دونوں پڑوسی ممالک کے قریبی اور دوستانہ تعلقات کی عکاسی ہوتی ہے۔ شاہ بھوٹان نے بھی جوابی خیرسگالی کے اظہار کے طور پر ہندوستان کی ستائش کی جس نے بھوٹان کی سماجی ۔ معاشی ترقی میں اپنا حصہ ادا کیا ہے۔ نائب صدرجمہوریہ ایم وینکیا نائیڈو سینئر وزراء اور عہدیدار نے بھی شاہ بھوٹان سے ملاقات کی۔