ہند ۔ بنگلہ دیش کا سرحدی معاہدہ پر موثر عمل آوری پر اظہار اطمینان

مودی اورشیخ حسینہ کی ملاقات ۔ ہندوستان کو سلامتی کونسل کی رکنیت کے ادعا کو بنگلہ دیش کی تائید
نیویارک 25 ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستان اور بنگلہ دیش نے زمینی سرحدی معاہدہ پر پرسکون انداز میں عمل آوری پر اطمینان کا اظہار کیا ہے جبکہ نیویارک میں دونوں ملکوں کے وزرائے اعظم نریندر مودی اور شیخ حسینہ کی ملاقات ہوئی ۔ وزارت خارجہ کے ترجمان وکاس سوروپ نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ مودی اور شیخ حسینہ کی ایک بہت اچھی ملاقات ہوئی ہے جس کے دوران دونوں قائدین نے باہمی تعلقات میں پیشرفت کا جائزہ لیا ۔ دونوں قائدین کی اس وقت آخری ملاقات ہوئی تھی

جب نریندر مودی نے بنگلہ دیش کا دورہ کیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ دونوں وزرائے اعظم نے خوشی کا اظہار کیا کہ زمینی سرحدی معاہدہ پر پرسکون انداز میں عمل آوری ہو رہی ہے ۔ اس معاہدہ پر مودی کے دورہ بنگلہ دیش کے موقع پر عمل آوری ہوئی تھی ۔ دونوں قائدین نے مستقبل میں بھی اس پر موثر عمل آوری کی توقع کا اظہار کیا ہے ۔ انہں نے کہا کہ شیخ حسینہ نے اقوام متحدل سلامتی کونسل میں ہندوستان کو مستقل رکنیت کیلئے بنگلہ دیش کی تائید کا اعادہ کیا ۔ شیخ حسینہ نے ہندوستان کے اس موقف کی مکمل تائید کی کہ اقوام متحدہ سلامتی کونسل میں اس کی 70 ویں کانفرنس کے موقع پر اصلاحات کو قطعیت دی جانی چاہئے اور یہ بین الاقوامی برادری کیلئے ایک بہترین موقع ہے ۔ دونوں قائدین نے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ اور عالمی بینک جیسے بین الاقوامی اداروں میں بھی اصلاحات کی ضرورت پر تبادلہ خیال کیا ۔ شیخ حسینہ اور نریندر مودی نے دونوں ملکوں کے مابین رابطوں میں توسیع اور انفرا اسٹرکچر سہولتوں کی فراہمی پر بھی زور دیا ۔ سوروپ نے کہا کہ نریندر مودی نے واضح کیا کہ دیرپا ترقیاتی نشانوں کے ذریعہ غربت کے خاتمہ کو یقینی بنایا جاسکتا ہے جو وقت کی اہم ضرورت ہے ۔