انسداد دہشت گردی آپریشنس میں تعاون پر توجہ دی جائیگی
نئی دہلی ۔ 26 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) برصغیر میں آئی ایس آئی ایس کی بڑھتی سرگرمیاں، نوجوانوں میں کٹر پسندی کا فروغ اور انسداد دہشت گردی تعاون ہند ۔ بنگلہ دیش وزیرداخلہ سطح کی بات چیت کے ایجنڈہ پر کلیدی مسائل ہوں گے، جو جمعرات کو یہاں منعقد کی جارہی ہے۔ وزیرداخلہ راجناتھ سنگھ وفد کی سطح پر دن بھر طویل بات چیت اپنے بنگلہ دیشی ہم منصب اسدالزماں خان کمال کے ساتھ منعقد کریں گے جس کے دوران مشرق وسطیٰ کے دہشت گرد گروپ کی سرگرمیوں، انسداد دہشت گردی آپریشنس اور سرحد پار ہونے والے جرائم کے تدارک کے طریقوں پر باریک بینی سے غوروخوض کیا جائے گا۔ بنگلہ دیشی وزیر کا یہ دورہ اس دہشت گرد حملہ کے تقریباً ایک ماہ بعد ہورہا ہے جو ڈھاکہ کی ایک ریسٹورنٹ میں پیش آیا تھا جس میں 22 بیرونی شہری بشمول ہندوستانی لڑکی ہلاک ہوگئے تھے۔ وزارت داخلہ کے عہدیدار نے کہا کہ آئی ایس آئی ایس اور انسداد دہشت گردی تعاون دو اہم مسائل ہیں جن پر اس باہمی اجلاس میں غور ہوگا۔ بنگلہ دیشی انسداد دہشت گردی عہدیداران اپنے وزیرداخلہ کے ہمراہ ہوں گے اور اس میٹنگ میں قومی تحقیقاتی ادارہ کے عہدیداروں کے ساتھ ملاقات کریں گے جبکہ بارڈر گارڈ بنگلہ دیش کے حکام بارڈر سیکوریٹی فورس کے اپنے ہم منصب عہدیداروں سے ملیں گے۔ اس نوعیت کی آخری وزیرداخلہ سطح کی بات چیت ہندوستان میں ڈسمبر 2012ء اور بنگلہ دیش میں جنوری 2013ء میں ہوئی تھی۔