لندن ۔ 28 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) پرنس چارلس برطانیہ ۔ ہند ڈیلیوری ویان کے ڈرائیور کو ’’فخربرطانیہ‘‘ ایوارڈ پیش کریں گے جس میں اپنی جان کو جوکھم میں ڈال کر دوسروں کی زندگی بچائی تھی۔ 49 سالہ ڈی پٹیل عوام کی نظروں میں ’’ہیرو‘‘ بن گئے ہیں اور انہیں گروز ونر ہاؤز میں منعقد شدنی رنگارنگ تقریب میں یہ اعزاز دیا جائے گا۔ 18 مئی کو پٹیل اپنی سامان سے لدی ویان میں جارہے تھے کہ اچانک موٹر وے پر انہوں نے دیکھا کہ مخالف سمت سے ایک کار آرہی ہے اور ڈرائیور اپنا قابو کھو بیٹھا ہے۔ اس وقت پٹیل کے لئے زندگی یا موت کا سوال تھا۔ انہوں نے محسوس کیا کہ یہ کار ایک نوجوان خاتون چلا رہی ہے جو بیہوش لگ رہی تھی۔ چنانچہ پٹیل نے دانستہ طور پر اپنی گاڑی کو کار سے ٹکرا دیا جس میں وہ کافی زخمی بھی ہوگئے۔