امریکہ کی 241 ویں یوم آزادی تقریب ‘ قونصل جنرل کا خطاب
حیدرآباد 30 جون ( سیاست ڈاٹ کام ) امریکی قونصل خانہ حیدرآباد کی جانب سے امریکہ کے 241 ویں یوم آزادی کے موقع پر آج ایک استقبالیہ تقریب ٹرائیڈنٹ ہوٹل میں منعقد ہوئی ۔ گورنر آندھرا پردیش و تلنگانہ مسٹر ای ایس ایل نرسمہن نے بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی ۔ تقریب میں مختلف شعبہ حیات سے تعلق رکھنے والے تقریبا 500 مہمانوں نے شرکت کی ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے قونصل جنرل امریکہ متعینہ حیدرآباد نے اس خیال کا اظہار کیا کہ آج کی یہ تقریب امریکہ اور ہندوستان کے مابین تعاون کو ظاہر کرنے کا موقع ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں میں جمہوریت اور آزادی کی مشترکہ قدریں ہیں۔ امریکہ ۔ ہندوستان کے تعلقات نہ صرف باہمی معاشی منفعت کے ہیں بلکہ ہمارے دونوں ملکوں کو باہمی فائدہ اور ترقی کے مواقع بھی فراہم کرتے ہیں اور یہ مقامی سطح پر بھی بہترین رابطوں کو اجاگر کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ بہت شخصی اور مقامی سطح کے تعلقات ہیں جو ہندوستان ۔ امریکہ کے باہمی تعلقات کو مزید بہتر بنانے میں اہم رول ادا کر تے ہیں۔