واشنگٹن ۔ 4 جون (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان اور امریکہ نے اپنی دورخی حکمت عملی شراکت داری کو بدستور مستحکم رکھنے کا عزم کیا ہے۔ وزیراعظم ہند نریندر مودی اور امریکی وزیردفاع جم میاٹس کے درمیان ہوئی ملاقات کے بعد پنٹگان نے آج ایک بیان جاری کرتے ہوئے یہ بات کہی۔ یاد رہیکہ 2 جون کو جم میاٹس نے وزیراعظم ہند نریندر مودی سے انٹرنیشنل انسٹیٹیوٹ فار اسٹریٹیجک اسٹڈیز کے 17 ویں سیکوریٹی اجلاس سے شانگریلا ڈائیلاگ بھی کہا جاتا ہے، کے موقع پر ملاقات کی تھی جہاں دونوں قائدین نے ہند ۔ امریکہ تعلقات کی اہمیت پر تبادلہ خیال کیا۔ علاوہ ازیں دونوں قائدین بین الاقوامی قوانین سے متعلقہ باہمی تعاون اور ایک آزاد اور کھلے انڈو پیسیفک کے موضوع پر بھی بات چیت کی۔ یاد رہیکہ ہند ۔ امریکہ عرصہ دراز سے باہمی حکمت عملی تعلقات کو مستحکم کرنے کوشاں ہیں اور اس میں انہیں کامیابی بھی ملی ہے۔ قیام امن، استحکام اور خطہ میں خوشحالی کیلئے بھی دونوں ممالک ہمیشہ سے پُرعزم رہے ہیں۔