ہند ۔ امریکہ تجارتی مسائل کی یکسوئی کیلئے بات چیت پر آمادہ ، وزیر کامرس و صنعتسریش پربھو کا بیان

واشنگٹن۔ 13 جون (سیاست ڈاٹ کام) صدر امریکہ ڈونالڈ ٹرمپ نے حالیہ دنوں میں امریکہ کو لوٹنے والوں میں ہندوستان کا نام بھی لیا تھا جہاں امریکی اشیاء پر صد فیصد ٹیکس عائد کئے جارہے ہیں جس میں ’’ہارلے ڈیوڈسن موٹر سائیکلس‘‘ سب سے زیادہ توجہ کی مرکوز بنی ہوئی ہے۔ امریکہ نے ہندوستان کو یہ دھمکی بھی دی ہے کہ ہندوستان سے امریکہ برآمد کی جانے والی ہزاروں موٹر سائیکلوں پر بھی زائد ٹیکس عائد کیا جائے گا لہذا جب پانی سر سے اونچا ہوتا نظر آیا تو دونوں ممالک نے تجارتی اور معاشی معاملات سے مربوط مسائل کی یکسوئی کیلئے سرکاری سطح کی بات چیت پر آمادگی کا اظہار کیا ہے۔ یہ فیصلہ اس وقت کیا گیا ہے جب امریکہ کے دورہ پر آئے وزیر کامرس و صنعت حکومت ہند سریش پربھو نے اپنے امریکی ہم منصب ولبر راس اور امریکی تجارتی نمائندہ رابرٹ لائیتھیزر سے ملاقات کی۔ بعدازاں پربھو نے ہندوستانی رپورٹرس سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہند۔ امریکہ اپنی تجارتی کو سعت دینے ایک ساتھ کام کرنے کے خواہاں ہیں۔ سریش پربھو دو روزہ دورہ پر امریکہ آئے تھے۔ واضح رہے کہ ہندوستان ایک سرکاری ٹیم بھی امریکہ بھیجنے والا ہے جو ہند۔ امریکہ تجارتی و معاشی تعلقات کو وسیع تر کرنے تمام تفصیلات کو قطعیت دے گی۔ پربھو نے کہا کہ یہ ٹیم آئندہ کچھ دنوں میں امریکہ آئے گی۔ پربھو نے اپنے دو روزہ دورۂ امریکہ کے دوران بزنس اور انڈسٹری قائدین سے بھی ملاقات کی جس کا اہتمام یو ایس ۔ انڈیا بزنس کونسل (USIBC) اور یو ایس۔ انڈیا اسٹرٹیجک پارٹنرشپ (USISPF) کی جانب سے کیا گیا تھا۔