کولکتہ ۔ 4 جون (سیاست ڈاٹ کام) آزادانہ تجارتی معاہدہ ہندوستان اور آسٹریلیا کے درمیان امکان ہیکہ اواخر سال تک تکمیل پا جائے گا۔ آسٹریلیا کے سفیر پیٹرک سکلنگ نے آج کہا کہ ہمیں امید ہیکہ معاشی تعاون معاہدہ ہندوستان اور آسٹریلیا کے درمیان 2015ء کے اواخر تک تکمیل پا جائے گا۔ دونوں ممالک اس معاہدہ پر دستخط کریں گے۔ فی الحال معاہدہ پر بات چیت نصف حد تک مکمل ہوچکی ہے اور کلکتہ چیمبر آف کامرس سے بات چیت جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاہدہ اشیاء، خدمات، سرمایہ کاری اور دیگر کئی اہم باتوں کا احاطہ کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ یہ معاہدہ ہر شعبہ کا احاطہ کرے۔ معاہدہ پر دستخط کے بعد دونوں ممالک کے تجارتی تعلقات میں نمایاں اضافہ ہوگا۔ ایک جامع معاشی تعاون معاہدہ پر بات چیت جاری ہے جسے آزادانہ تجارتی معاہدہ بھی کہا جاتا ہے۔ اس معاہدہ پر ہند ۔ آسٹریلیا بات چیت کا آغاز 2011ء میں ہوا تھا۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ سال وزیراعظم ہند نریندر مودی کے دورہ کے بعد دونو ںممالک کے تعلقات عظیم تر سطح پر پہنچ چکے ہیں۔ دونوں ممالک کئی مسائل جیسے سیول نیوکلیئر معاہدہ، صیانتی چوکھٹا، سماجی صیانت وغیرہ پر تبادلہ خیال کرچکے ہیں۔ سکلنگ نے کہا کہ آسٹریلیا ہندوستان کیلئے طویل مدتی برقی توانائی صیانتی معاہدہ کا بھی خواہاں ہے۔