ہند ۔جاپان آج چوٹی کانفرنس

مودی کی ٹوکیو میں آمد
وزیراعظم جاپان سے ملاقات
ٹوکیو ۔ /31 اگست ( سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان اور جاپان کے درمیان کل اعلیٰ سطحی چوٹی کانفرنس منعقد ہوگی جس میں توقع ہے کہ دونوں ممالک اپنے وزرائے خارجہ اور وزرائے دفاع کے ساتھ ملکر سکیورٹی مشاورت کا آغاز کریں گے ۔ یہ چوٹی کانفرنس وزیراعظم نریندر مودی اور ان کے جاپانی ہم منصب شائنزوا ے کے درمیان منعقد ہوگی ۔ نریندر مودی آج شام ٹوکیو روانہ ہوئے تھے ۔ انہوں نے تاریخی شہر کیوٹو میں شب بسری کے بعد ٹوکیو روانہ ہوئے ۔ انہوں نے کیوٹو میں دو قدیم بدھ مت کے مندروں کا دورہ کیا ۔ کیوٹو میں دوسرے دن نریندر مودی کے مصروف ترین پروگرام تھے جس میں انہوں نے انتہائی مہلک سکل سیل انیمیاء بیماری سے مقابلے میں جاپان کی مدد طلب کی ۔ یہ بیماری ہندوستان میں قبائلی عوام میں پائی جاتی ہے ۔انہوں نے کیوٹو یونیورسٹی میں اسٹم سیل ریسرچ کے دورہ کے موقع پر یہ خواہش کی جس کا مثبت جواب ملا ۔ نریندر مودی اپنے جاپانی ہم منصب سے ملاقات کرنے والے ہیں جنہوں نے خیرسگالی جذبہ کا مظاہرہ کرتے ہوئے خاص طور پر کیوٹو کا دورہ کیا اور وہاں ہندوستانی وزیراعظم سے ملاقات کی تھی ۔

دونوں وزرائے اعظم کی ملاقات کے ایجنڈے میں کئی اہم موضوعات شامل ہیں ۔ سمجھا جاتا ہے کہ دفاع ‘ سیول نیوکلیئر اور انفراسٹرکچر ڈیولپمنٹ کے شعبوں میں تعاون پر بات کی جائے گی۔ نریندر مودی نے توقع ظاہر کی ہے ک اس دورہ سے دونوں ممالک کے مابین باہمی روابط کے ایک نئے دور کا آغاز ہوگا ۔ کیوٹو میں کل رات خصوصی استقبالیہ تقریب میں دونوں وزرائے اعظم نے باہمی روابط کو مزید مستحکم بنانے پر زور دیا تھا۔ نریندر مودی نے آج بدھ مت کے مندروں ٹوجی اور کنکاکجی کا دورہ کیا اور یہاں پوجا کی۔ وہ پہلے ٹوجی مندر گئے جو ہندو فلسفہ برہما ‘ وشنو ‘ مہیش سے متاثر ہوکر تعمیر کیا گیاہے ۔

انہوں نے اس موقع پر بدھ مت کی تاریخ کے بارے میں معلومات حاصل کی ۔ شائنزو ابے نے جو مودی کے ہمراہ تھے بتایا کہ وہ دوسری مرتبہ ٹوجی مندر کا دورہ کررہے ہیں ۔ اس سے پہلے طالب علمی کے دور میں یہاں کا دورہ کیا تھا۔ کنکاکجی میں مودی نے سیاحوں اور یہاں آنے والوں سے ملاقاتیں کی اور اُن میں گھل مل گئے ۔ انہوں نے کئی لوگوں سے مصافحہ کیا اور ایک گروپ کے ساتھ تصویرکشی کروائی ۔ شائنزو ابے نے ہندوستان کے ساتھ گہرے تاریخی روابط کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ مودی سے ملاقات کے دوران کئی اہم موضوعات پر تبادلہ خیال کریں گے ۔