ہند و پاک کے درمیان بات چیت کی وکالت : مون

اقوام متحدہ ۔ یکم ؍ ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل بان کی مون نے آج اس بات پر زور دیا کہ ہندوپاک کو کشیدگیوں کا خاتمہ کرتے ہوئے راست طور پر مذاکرات کے احیاء کی کوشش کرنی چاہئے۔ نیوکلیئر توانائی کے حامل دونوں پڑوسی ممالک کو کسی ثالث کی ضرورت نہیں ہے۔ بان کی مون کے ترجمان اسٹیفین ڈوبارک نے کل اخباری رپورٹرس سے ملاقات کرتے ہوئے یہ بات کہی جب ان سے ہندوپاک کے درمیان پائی جانے والی کشیدگی کے بارے میں استفسار کیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ہندوپاک دنیا کے ایک ایسے خطہ میں ہیں جہاں پر ہونے والی ہر تبدیلی پر عالمی سطح پر غوروخوض کیا جاتا ہے اور سکریٹری جنرل (مون) ہمیشہ سے اس بات کے خواہاں رہے کہ ہندوپاک کے درمیان بات چیت کیلئے انہیں (دونوں ممالک) راست طور پر آمادہ کیا جائے کیونکہ اسی کے ذریعہ کشیدگی (اگر ہے تو) کو کم کیا جاسکتا ہے۔ جب دونوں ممالک میں شہریوں کی ہلاکتوں کے بارے میں پوچھا گیا تو مسٹر ڈوبارک نے کہا کہ انہوں نے رپورٹس دیکھی ہیں اور تازہ ترین واقعات پر انہیں رہنمائی کی ضرورت ہے۔ یاد رہے کہ گذشتہ ہفتہ ہندوپاک کے درمیان مشیران سطح کی بات چیت کے منسوخ ہونے پر مسٹر مون نے اظہار تاسف کیا تھا اور یہ بھی کہا تھا کہ دونوں ممالک کے قائدین کو بات چیت کے احیاء کیلئے موقع پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔