ہند و پاک کشیدگی دور کرنے امریکی پیشکش کی پاکستان نے ستائش کی

واشنگٹن ۔ 5 ۔ اپریل : ( سیاست ڈاٹ کام ) : پاکستان نے آج یہ کہہ کر امریکہ کے اس اقدام کی ستائش کی جہاں ہندوستان کے ساتھ کشیدگی ختم کرنے کے لیے امریکہ نے تعاون کی پیشکش کی تھی کہ امریکہ اگر دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی ختم کرنے مثبت اقدامات کرتا ہے تو اس کے ساتھ پاکستان بھی پورا پورا تعاون کرے گا کیوں کہ ان ہی اقدامات کے ذریعہ جنوبی ایشیا میں امن اور استحکام کو یقینی بنایا جاسکتا ہے ۔ اس طرح جنوبی ایشیا جب پرامن ہوگا تو ہندو پاک اپنی اپنی حکومتیں بھی سکون کے ساتھ چلاسکیں گے ۔ اس موقع پر پاکستان کے سفیر متعینہ امریکہ اعزاز احمد چودھری نے اقوام متحدہ میں امریکی سفیر نکی ہیلی کے اُس بیان کا حوالہ دیا جہاں موصوفہ نے کہا تھا کہ امریکہ ہند و پاک کے درمیان کشیدگی کم کرنے کوشاں ہے ۔ انگریزی اخبار ڈان نے بھی اعزاز احمد چودھری کے بیان کو من و عن پیش کیا ہے جہاں انہوں نے کہا تھا کہ ہند وپاک کے درمیان کشیدگی ختم کرنے امریکہ کے ہر مثبت اقدام کا خیر مقدم کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ ہم ہندوستان جیسے اہم پڑوسی کے ساتھ بہتر تعلقات کے خواہاں ہیں اور اس کے لیے امریکہ کی کوششوں کی ستائش کی جانی چاہئے ۔ یہاں اس بات کا تذکرہ بھی ضروری ہے کہ پاکستان کا یہ بیان دراصل ہندوستان کی جانب سے ہند و پاک کے درمیان کشیدگی دور کرنے ثالث کا رول امریکہ کی جانب سے ادا کئے جانے کی پیشکش کو مسترد کرنے کے بعد سامنے آیا ہے ۔ ہندوستان نے امریکہ کی پیشکش کو ٹھکرادیا تھا ۔ ہندوستان کا موقف ہے کہ پاکستان کے ساتھ کسی بھی نوعیت کی بات چیت صرف اسی وقت ممکن ہے جب حالات دہشت گردانہ کارروائیوں اور تشدد سے پاک ہوں ۔۔