ہند و پاک ’امن‘ کے بارے میں سوچنا شروع کریں :فاروق عبداللہ

جموں۔ 27 فبروری ۔( سیاست ڈاٹ کام ) نیشنل کانفرنس کے صدر و رکن پارلیمان ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ جب تک ہندوستان اور پاکستان امن کے بارے میں سوچنا شروع نہیں کریں گے تب تک ریاست کی سرحدوں پر گولہ باری کا سلسلہ جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ’امن ‘کے بارے میں سوچنے کا موزوں وقت ہے ۔ فاروق عبداللہ نے آج یہاں نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ جب تک دونوں ملک امن کے بارے میں سوچنا شروع نہیں کریں گے ، تب تک سرحدوں پر گولہ باری ہوتی رہے گی۔ اگر وہ امن کے بارے میں نہیں سوچیں گے تو فائرنگ بھی نہیں رکے گی۔ انہوں نے کہا کہ سرحدوں پر گولہ باری آرپار رہائش پذیر لوگوں کے لئے وبال جان بن گئی ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ سرحد کے دونوں طرف لوگ پھنسے ہوئے ہیں۔