سری نگر ، 18اگست(سیاست ڈاٹ کام) شمالی کشمیر کے ضلع کپواڑہ میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے تنگدھر سیکٹر میں گذشتہ رات ہندوستان اور پاکستان کی افواج کے درمیان گولہ باری کا تبادلہ ہوا ہے ۔گولہ باری کا سلسلہ جمعہ کی شام شروع ہوکر ہفتہ کی علی الصبح تک جاری رہا۔ سرکاری ذرائع نے تفصیلات فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستانی فوجیوں نے جمعہ کی شام قریب سات بجکر 30 منٹ پر ایل او سی کے ٹنگڈار سیکٹر میں ہندوستانی فوج کی سرحدی چوکیوں کو نشانہ بناکر بلااشتعال فائرنگ شروع کی۔ انہوں نے بتایا کہ ہندوستانی فوج نے پاکستانی فائرنگ کے جواب میں اپنے بندوقوں کے دہانے کھول دیے ۔ فائرنگ کا تبادلہ ہفتہ کی علی الصبح 4:30 بجے تک جاری رہا’۔ انہوں نے مزید بتایا کہ فائرنگ کے تبادلے میں کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔