ہند نژاد لیووراڈکر آئرلینڈکے پہلے ہم جنس پرست وزیراعظم

ڈبلن۔ 3جون (سیاست ڈاٹ کام) آئر لینڈ میں ہند نژاد لیو وراڈکر کو حکمراں اتحاد کی سب سے بڑی پارٹی فائن گیل کا لیڈر منتخب کیا گیا ہے اور اب وہ ملک کے پہلے ہم جنس پرست وزیر اعظم ہوں گے ۔ 38 سالہ لیو وراڈکر نے اپنے مخالف اور ہاؤسنگ منسٹر سائمن کوویني کو 60 فیصد ووٹوں سے شکست دی ہے اور اب وہ آئرلینڈ کے اب تک کے سب سے نوجوان اور اولین ہم جنس پرست وزیر اعظم بھی ہوں گے ۔ انہوں نے ملک کے حکمراں اتحاد کی سب سے بڑی پارٹی کی قیادت کا انتخاب جیت لیا ہے اور وہ اگلے چند ہفتے میں ملک کے وزیر اعظم بن جائیں گے ۔وراڈکر نے اپنی اس شاندار فتح کے بعد کہا کہ "میرے انتخابی نتائج ہی سب کچھ بیاں کر رہے ہیں۔ مجھے پتہ ہے کہ میرے والد پانچ ہزار کلومیٹر دور چل کر آئر لینڈ میں ایک نئے گھر بنانے کا خواب دیکھے تھے ۔ مجھے لگتا ہے کہ انہوں نے کبھی یہ نہیں سوچا تھا کہ ایک دن ان کا بیٹا اس ملک کا وزیر اعظم ہوگا ۔ آج ملک میں ہر والدین کو اپنے بچے کے اوپر فخر ہونا چاہئے "۔  18 جنوری 1979 کو ڈبلن میں پیدا ھونے والے وراڈکر کے والد اشوک ممبئی سے آئرلینڈ پہنچنے والے ایک ڈاکٹر تھے جنہوں نے آئرش نژاد نرس مریم سے شادی کی تھی۔ ان دونوں کی ملاقات انگلینڈ برکشر میں ساتھ کام کرتے ہوئے ہوئی تھی اور بعد میں وہ دونوں 70 کی دہائی میں آئر لینڈ میں بس گئے تھے ۔ وراڈکر نے اپنی انتخابی مہم کو سماجی اور اقتصادی مسائل پر مرکوز رکھا۔ وزیر اعظم بننے کے بعد اب ان کے سامنے آئر لینڈ کی معیشت کو پٹری پر لانا اور بریگزٹ کے بعد کے حالات سے نمٹنے جیسے چیلنج ہوں گے۔