لندن ۔ 15 ۔ فروری : ( سیاست ڈاٹ کام ) : برطانیہ میں ہند نژاد بزنسمین سدھیر چودھری اور ان کے بیٹے بھانو کو فضائی و خلائی اور دفاعی ساز و سامان تیار کرنے والے سرکردہ ادارہ رولس رائیس میں رشوت ستانی کے الزامات کی تحقیقات کے ضمن میں گرفتار کرلیا گیا ۔ جس کے ساتھ ہی برطانوی اقتدار کی راہداریاں دہل گئی ہیں ۔ ارب پتی بزنسمین سدھیر چودھری اور ان کے بیٹے بھانو کا شمار نائب وزیر اعظم نک کلیگ کی لبرل ڈیموکرٹیک پارٹی کو بھاری عطیات دینے والوں میں کیا جاتا ہے ۔ ان دونوں سے چہارشنبہ کو کئی گھنٹوں تک پوچھ گچھ کی گئی بعد ازاں غیر مشروط ضمانت پر رہا کردیا گیا ۔ انہوں نے کسی غلطی کے ارتکاب کی تردید کی اور کہا کہ تحقیقات میں مکمل تعاون کیا جائے گا ۔ سدھیر اور بھانو کی گرفتاری کے بعد بالخصوص حکمراں اتحاد میں شامل ایک جماعت لبرل ڈیموکریٹک پارٹی الجھن کی شکار ہوگئی ہے جس کو انہوں نے 2010 کے دوران 500,000 پاونڈس اور 2004 سے تاحال 10 لاکھ برطانوی پاونڈس کا عطیہ دیا تھا ۔ سدھیر چودھری جو ایک نئے صنعتکار کی حیثیت سے 2002 کے دوران برطانیہ کو منتقل ہوئے تھے اور لندن کے پاش علاقہ چلسی میں 50 لاکھ پاونڈس مالیتی عالیشان بنگلہ میں رہتے ہیں ۔۔