بیجنگ ، 18 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان اور چین نے اپنے کلیدی معاشی مذاکرات کے تیسرے دور کا آج یہاں انعقاد کیا جس میں متعدد شعبوں بشمول ریلوے اور انفارمیشن ٹکنالوجی میں اشتراک پر توجہ مرکوز کی گئی ۔ اس بات چیت میں ہندوستانی ٹیم کی سربراہی نائب صدر نشین منصوبہ بندی کمیشن مونٹیک سنگھ اہلوالیہ نے کی جبکہ زو شاؤ شی چیرمین نیشنل ریفارمس ڈیولپمنٹ کمیشن نے چینی وفد کی قیادت کی ۔ بات چیت سے قبل پانچ ورکنگ گروپس نے مختلف شعبوں کا احاطہ کرتے ہوئے دونوں ملکوں کے درمیان اعلیٰ سطح کے معاشی اور تجارتی مذاکرات کیلئے تفصیلات کو قطعیت دی۔ ان مذاکرات میں شرکت کے علاوہ اہلوالیہ آج چینی وزیراعظم لی کیقیانگ سے ملاقات کررہے ہیں۔ عہدیداروں نے کہا کہ انفراسٹرکچر سے متعلق ورکنگ گروپ نے ہندوستان میں موجودہ ریل پٹری کی مضبوطی میں اشتراک سے متعلق غورو خوض کیا تاکہ ٹرینوں کی رفتار بڑھائی جاسکے ۔
ایران نے متعدد فوجی کمانڈرز کو برطرف کر دیا
تہران ، 18 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) پاکستانی سرحد پرتعینات بارڈر سکیورٹی پرسونل کے اغوا کے واقعہ میں غفلت برتنے کے معاملے میں ایران نے متعدد فوجی کمانڈرز کو برطرف کر دیا۔ ایران نے سرحدی محافظوں کے اغوا کے واقعہ پر فوج کے کئی کمانڈرز کو سبکدوش کردیا۔ غیرملکی نیوز ایجنسی کے مطابق ایرانی فوج کے کمانڈرز کو فرائض میں غفلت برتنے پر عہدہ سے سبکدوش کیا گیا ہے۔ اس واقعہ پر ایرانی سکیورٹی فورسز کے کئی افسران کو عدالتی چارہ جوئی کابھی سامنا ہے۔ ایرانی بارڈرسکیورٹی گارڈز کے کمانڈرز کا کہنا ہے کہ پانچوں مغویہ سکیورٹی گارڈز محفوظ ہیں۔