ہند ، پاک اپنے مسائل مذاکرات سے حل کریں

اقوام متحدہ۔ 26 اگست (سیاست ڈاٹ کام) اقوام متحدہ کے سربراہ بانکی مون نے آج ہندوستان اور پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اپنے مسائل کی یکسوئی مذاکرات کے ذریعہ کریں اور انہوں نے دونوں ممالک کے معتمدین خارجہ کے مجوزہ مذاکرات کے منسوخ ہونے کو بھی افسوسناک قرار دیا۔ پاکستان کی جانب سے سرحد پر جنگ بندی کی خلاف ورزی کے بعد دونوں ممالک کے درمیان حالات ابتر ہورہے ہیں۔ دریں اثناء بانکی مون کے دفتر سے ان کے ترجمان جو تفصیلات خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کو فراہم کی ہیں، اس میں سیکریٹری جنرل نے ہندوستان اور پاکستان سے آپسی مسائل کی یکسوئی کیلئے مذاکرات کا راستہ اختیار کرنے کی تجویز دی ہے۔ اس بیان میں یہ وضاحت نہیں کی گئی ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان موجودہ حالات کے پیش نظر کیا اقوام متحدہ کے صدر ہندوستان اور پاکستان کے قائدین سے ملاقات کریں گے۔ واضح رہے کہ وزیراعظم ہند نریندر مودی کی حکومت میں 25 اگست کو اسلام آباد میں منعقد ہونے والے دونوں ممالک کے معتمدین خارجہ کی ملاقات کو اس وقت منسوخ کردیا تھا جب پاکستان کے ہائی کمشنر عبدالباسط نے کشمیری علیحدگی پسند قائدین سے ملاقات کی تھی۔ علاوہ ازیں پاکستانی فوج کی جانب سے لائن آف کنٹرول اور بین الاقوامی سرحد پر گزشتہ چند ہفتوں کے دوران کی جانے والی جنگ بندی کی خلاف ورزی نے بھی حالات کو کشیدہ کیا ہے۔ گزشتہ پندرہ دنوں اور 23 اگست کو پاکستانی فوج کی جانب سے جنگ بندی کی 21 خلاف ورزیاں کی گئی ہیں۔ ہندوستانی وزیر دفاع ارون جیٹلی نے دہلی میں کہا کہ ہندوستان پڑوسی ممالک کی جانب سے کی جانے والی جنگ بندی کا موثر جواب دے رہا ہے۔