ہند ، امریکہ فطری دوست اور بہترین حلیف ممالک: براک اوباما

نئی دہلی ۔ 27 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) صدر براک اوباما نے نے آج کہاکہ ہندوستان اور امریکہ نہ صرف فطری دوست ملک ہیں بلکہ دونوں ’’بہترین حلیف‘‘ ملک بن سکتے ہیں۔ دنیا بھر میں امریکہ ایک ایسا ملک ہے جہاں ہندوستانیوں کی کثیر تعداد مقیم ہے۔ ہند ۔ امریکی عوام مل کر ترقی کی نئی تاریخ رقم کریں گے اور ہندوستانی غیرمقیم شہری امریکہ کو پہلے سے زیادہ مضبوط بنائیں گے۔ میرا یہ قوی ایقان ہیکہ ہندوستان اور امریکہ نہ صرف فطری دوست ملک ہیں بلکہ میں یقین سے کہہ سکتا ہوں کہ امریکہ اپنے حلیف ملک ہندوستان کا بہترین ساتھی بن سکتا ہے۔ صرف ہندوستانی ہی دنیا بھر میں ہندوستان کے رول کا فیصلہ کرسکتے ہیں۔ صدر امریکہ نے ٹاؤن ہال تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں یہاں اس لئے آیا ہوں کہ یہ بتا سکوں کہ ہمارے دونوں ملکوں کے عوام کو اپنے ملکوں میں زیادہ سے زیادہ روزگار اور دیگر کئی ترقیاتی مواقع مل جائیں گے۔ ہمارے دونوں ملک سب سے زیادہ ترقی کریں گے اور یہ ساری دنیا ایک محفوظ مقام بن جائے گی۔ ایک ایسی دنیا بنائی جائے گی جہاں دنیا کی سب سے بڑی و قدیم جمہوریتیں مل کر ترقی کی تمام منزلیں پار کرلیں گی۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ چاہتا ہیکہ اسے ایک ایسا حلیف ملک مل جائے جو دونوں ملکوں کے عوام کی ترقی کیلئے کام کرے اور ہندوستانی عوام کی زندگیاں بلند ہوجائیں اور انہیں عظیم تر مواقع حاصل ہوں۔ صدر اوباما نے غربت کے خاتمہ کیلئے کئے گئے اقدامات کی ستائش کی۔ لاکھوں افراد کو غربت سے نکالنے میںکامیابی ملی ہے۔ حالیہ برسوں میں ہندوستان نے عوام کی بڑی تعداد کو غربت کی سطح سے باہر نکالا ہے۔ اب ہم کو ایک تاریخی موقع ملا ہے ہندوستان کے ساتھ دوستی کا بہترین مظاہرہ کریں

اور ساری دنیا میں پائی جانے والی انتہائی درجہ کی غربت کو ختم کرنے اور ناانصافیوں کے ازالہ کیلئے ہندوستان کے ساتھ ہاتھ مل کر کام کریں۔ اوباما نے کہا کہ امریکہ چاہتا ہیکہ ہندوستان کی ترقی کی آئندہ لہر کو اونچائی تک لینے میں ایک بہترین حلیف ملک کا کردار ادا کرے۔ جیسا کہ ہندوستان نے زیادہ سے زیادہ تجارت اور سرمایہ کاری کے لئے اقدامات کئے ہیں۔ ہم چاہتے ہیں کہ اس کی ترقی کی صف میں سب سے آگے رہیں۔ ہم ہندوستان میں نئے انفراسٹرکچر، سڑکیں، ایرپورٹس، بندرگاہیں، بلیٹ ٹرینیں بنانے میں آپ کے ساتھ شامل ہوجائیں۔ ہندوستانی عوام کے مستقبل کو ترقی دینے کیلئے ہم مزید ایسے شہر وجود میں لائیں گے جہاں شہریوں کی بہترین سے بہترین خدمات انجام دی جاسکے۔ اس دوران مہندرا گروپ کے چیرمین آنند مہندرا نے کہا کہ صدر امریکہ براکاوباما نے میک ان امریکہ کا نعرہ لگایا ہے جبکہ وزیراعظم نریندر مودی نے میک ان انڈیا پر زور دیتے ہوئے مہم شروع کی ہے۔ ایسی صورتحال میں دونوں ملکوں کے مینوفکچررس کو تشویش لاحق ہوگئی ہے۔

صدر اوباما کی روانگی
نئی دہلی 27 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) صدر امریکہ براک اوباما آج اپنے تین روزہ دورہ ہند کے اختتام پر سعودی عرب روانہ ہوگئے جس کے دوران دونوں ممالک نے تاریخ ساز سیول نیوکلیر معاہدے پر عمل آوری کے سلسلہ میں جاری تعطل توڑ دیا اور باہمی، دفاعی و تجارتی تعلقات میں اضافہ کیا۔