نئی دہلی ۔ 23 ۔ جولائی (سیاست ڈاٹ کام) صدر چین ژی زینگ نے ہندوستان کے ساتھ حقیقی اہم تعلقات کو فروغ دینے کیلئے’’درست حالات‘‘ پیدا کرنے سے اتفاق کیا ہے ۔ وزیراعظم نریندر مودی نے ایک دوسرے سے مفادات اور معاملات کا احترام کرنے کی ضرورت پر زور دیا تھا ۔ پڑوسی ملک کے ساتھ اچھے ہمسایہ تعلقات کو اہمیت دینے کی ضرورت ظاہر کی تھی ۔ وزیر خارجہ سشما سوراج نے برازیل میں گزشتہ ہفتہ نریندر مودی اور عالمی قائدین خاص کر صدر چین سے ہوئی ملاقات کی تفصیلات سے لوک سبھا کو واقف کروایا ۔ پارلیمنٹ میں آج مودی کے دورہ کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ نریندر مودی نے صدر چین سے ملاقات کے دوران بتایا تھا کہ امن ، استحکام اور دنیا میں ترقی کیلئے تعاون کرنے کے علاوہ ایک دوسرے کی ترقی کو مضبوط کرانے پر زور دیا تھا ۔ مل جل کر کام کرنے سے بھی مسائل کی یکسوئی ممکن ہے ۔ نریندر مودی نے باہمی اعتماد اور بھروسہ ،امن کی برقراری اور سرحدی مسائل کی یکسوئی کے ذریعہ تعلقات کو مستحکم بنانے کی اہمیت ظاہر کی تھی جس پر صدر چین نے بھی انتہائی رد عمل ظاہر کیا تھا۔