اسلام آباد 7 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) پاکستانی وزیراعظم کے وزیر خارجہ اُمور اور قومی سلامتی سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ ہندوستان کے ساتھ خارجہ سکریٹری کی سطح پر منعقدہ مذاکرات آئندہ دور کی بات چیت کے لئے تاریخ مقرر کرنے میں ناکام ہوگئے ہیں۔ اُنھوں نے کل یہاں لیفٹننٹ جنرل (ریٹائرڈ) عبدالمجید ملک کی تصنیف کی تقریب رسم اجراء میں شرکت کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ہندوستان کے معتمد خارجہ ایس جئے شنکر کے حالیہ دورہ پر یہ تبصرہ کیا۔ تاہم وزارت خارجہ کی ترجمان تسنیم اسلم نے کہا تھا کہ منگل کے مذاکرات ثمرآور ثابت ہوئے اور دونوں ممالک کے درمیان تعلقات جمود کا شکار ہوگئے تھے اب برف پگھلنے لگی ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ سال اگسٹ میں معتمدین خارجہ کے مذاکرات کو لمحہ آخر میں منسوخ کردیئے تھے کیونکہ نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمشنرنے کشمیری علیحدگی پسندوں سے اچانک مشاورت کی تھی۔ اگرچیکہ حالیہ مذاکرات میں دونوں فریقوں نے باہمی تعلقات پر دلچسپی کا مظاہرہ کیا ہے لیکن امن مذاکرات کی بحالی میں معمولی سی پیشرفت ہوئی ہے۔ مسٹر سرتاج عزیز نے یہ بھی بتایا کہ 23 مارچ کو یوم پاکستان کی پریڈ میں صدر چین شی جن پنگ شرکت نہیں کریں گے لیکن بعدازاں دورہ کریں گے اور اس خصوص میں سفارتی ذرائع کی جانب سے تاریخ کو قطعیت دی جائے گی۔