ہند۔ پاک۔ افغان اور ترکمنستان گیس پائپ لائن کیلئے کمپنی کا قیام

نئی دہلی ۔ 13 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان، پاکستان، افغانستان اور ترکمنستان کی چار سرکاری تیل کی کمپنیوں نے مشترکہ طور پر ایک نئی کمپنی قائم کی ہے جو 1800 کیلو میٹر طویل قدرتی گیس پائپ لائن کا پراجکٹ تعمیر کرے گی۔ یہ گیس پائپ لائن مذکورہ چار ممالک سے گذرے گی۔ ایشین ڈیولپمنٹ بینک نے یہ بات بتائی جو اس پراجکٹ کا مالیاتی مشیر ہے۔ بینک نے ایک صحافتی بیان میں بتایا کہ ترکمن گیس، افغان گیس انٹرپرائز، اسٹیٹ گیس سسٹمس (پرائیویٹ) لمیٹیڈ اور گیس اتھاریٹی آف انڈیا لمیٹیڈ اس نئی کمپنی میں مساوی طور پر حصہ دار ہوں گے۔ یہ نئی پائپ لائن چاروں ممالک کی ترقی میں کلیدی اہمیت کی حامل ہوگی اور اس کمپنی کا نمایاں رول ہوگا۔ بیان میں کہا گیا ہیکہ کمپنی کا قیام ایک اہم سنگ میل ہے۔ یہ تمام فریقین کے مابین تعاون کے ذریعہ توانائی کی سیکوریٹی اور تجارتی امکانات میں اضافہ کرے گی۔ ترکمنستان دنیا کا چوتھا سب سے بڑا گیس کے ذخائر کا حامل ملک ہے اور اس پائپ لائن کے ذریعہ اسے جنوب مشرقی مارکٹ میں گیس کی برآمدات کا موقع ملے گا۔ ترکمن گیس جنوبی افغانستان، پاکستان اور شمالی ہندوستان کو ایندھن کی فراہمی کا ایک اہم ذریعہ ہوگی۔ ایشین ڈیولپمنٹ بینک نے اس پراجکٹ کیلئے 21 بلین ڈالر مدد کا اعلان کیا جس میں 2013ء میں 6.6 بلین ڈالر کی مالی معاونت بھی شامل ہے۔