ہنوئی ۔ 10 مئی (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان اور ویتنام نے ایک دوسرے کی خودمختاری اور بین الاقوامی قوانین کے احترام کی بنیاد پر انڈو پیسیفک خطہ میں باہمی تعلقات کو مستحکم کرنے کی ضرورت پر زور دیا جبکہ دورہ پر آئے ہندوستان کے نائب صدر وینکیا نائیڈو نے اپنے ویتنامی ہم منصب کے ساتھ مختلف دورخی اور ہمہ رخی تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔ یاد رہیکہ وینکیا نائیڈو چار روزہ دورہ پر یہاں پہنچے ہیں جبکہ دونوں ممالک کے درمیان باہمی اعتماد کی بنیاد پر مستحکم تعلقات ہیں۔ اس موقع پر مسٹر نائیڈو نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ویتنام کا دورہ کرکے بیحد خوش ہیں کیونکہ یہ ہمارا ایک بااعتماد شراکت دار ہے اور ہندوستان کی ایکٹ ایزی پالیسی کی حکمت عملی کا ایک مضبوط ستون اور آسیان میں ہمارا کلیدی مبصر ہے۔ نائب صدر وینکیا نائیڈو اور ان کے ویتنامی ہم منصب ڈانگ تھی گاک تھین نے ایک پرامن اور خوشحال انڈوپیسیفک خطہ کی تعمیر پر زور دیا جو ایک دوسرے کی خودمختاری اور بین الاقوامی قوانین کے احترام پر مبنی ہوگی۔ انہوں نے امید ظاہر کی جنوبی بحیرہ چین میں ضابطہ اخلاق کیلئے متعلقہ ممالک رائے شماری کریں گے۔