کٹھمنڈو۔26جون ( سیاست ڈاٹ کام ) 8ہزار سے زیادہ سرحدی ستون ہند ۔نیپال سرحد پرنصب کئے جائیں گے جو عالمی جہاز رانی سیٹلائٹ سسٹم سے استفادہ کرتے ہوئے مقامات کے محل وقوع کا تعین کرسکیں گے ‘ اس سے عہدیداروں کو پہلی بار موثر انداز میں 1700کلومیٹر سے زیادہ طویل ہند ۔ نیپال مخدوش سرحد پر نگرانی رکھنے میں مدد ملے گی۔ یہ فیصلہ نیپال ۔ ہند سرحدی ورکنگ گروپ کے تیسرا اجلاس میں کیا گیا جو کل اختتام پذیر ہوا ۔ وزارت کی جانب سے اس سلسلہ میںایک بیان جاری کیا جاچکا ہے ۔ ڈائرکٹر جنرل محکمہ سروے کرشنا راج بی سی نیپالی وفد کی قیادت کررہے تھے ‘ جبکہ ہندوستانی وفد کی قیادت سرویئر جنرل آف انڈیا سوارنا سبھا راؤ کے سپرد تھی ۔