حکومت آسام وقت مقررہ میں کام کی تکمیل کیلئے سرگرم، گورنر پروہت کا اسمبلی سے خطاب
گوہاٹی ۔ 30 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) گورنر آسام بنواری لال پروہت نے آج کہا کہ ہند ۔ بنگلہ دیش سرحد کی مکمل ناکہ بندی بڑا چیلنج بھرا کام ہے حالانکہ حکومت وقت مقررہ کے اندرون اسے ختم کرنے سرگرم ہے۔ پروہت نے بجٹ سیشن کے افتتاحی روز آسام اسمبلی سے اپنے خطاب میں کہا کہ ہند ۔ بنگلہ دیش سرحد کی مکمل ناکہ بندی اس لئے بڑا چیلنج ہے کیونکہ کئی جگہوں پر آبی گذرگاہ والی پٹیاں ملتی ہیں جو وسیع طور پر پھیلی ہوئی ہے۔ گورنر کی تقریر جسے اپوزیشن کی خلل اندازی کے بعد روکنا پڑا اور بعد میں اسے پڑھی گئی تقریر باور کرلیا گیا ہے، جس میں بین الاقوامی سرحد کی حفاظت کے تعلق سے حکومت کی کوشش کی بات کہی گئی ہے۔ گورنر نے کہا کہ ٹیکنالوجی کی مدد سے وقت مقررہ میں ہم یہ کام مکمل کرلیں گے۔ ہند ۔ بنگلہ دیش سرحدی سڑکوں اور برجس کی تعمیر کا کام بھی تقریباً مکمل ہوگیا ہے۔ تاہم بعض مقامات پر زمین کے کٹاؤ کی وجہ سے نقصان ہوا ہے اور شگاف پڑ گئے ہیں جن کی ترجیحی طور پر مرمت کی جارہی ہے۔ سیلاب پر قابو پانے کے اقدامات سے متعلق گورنر نے کہا کہ حکومت نے برہم پترا پشتہ کی اونچائی بڑھانے اور اسے مضبوط کرنے کیلئے جامع پلان وضع کیا ہے اور یہ فی الحال مرکزی آبی کمیشن کی زیرغور ہے۔ شہریوں کی تفصیلات کی بابت قومی ریکارڈ کے بارے میں پروہت نے کہا کہ بعض درخواست گذاروں نے جعلی دستاویزات داخل کئے اور اس ضمن میں ریاست بھر میں 166 ایف آئی آر درج رجسٹر ہوئے ہیں۔ حکومت نے ایڈیشنل ڈی جی پی (سی آئی ڈی) کی سربراہی میں خصوصی تحقیقاتی ٹیم بھی تشکیل دی ہے جو نیشنل رجسٹر آف سٹیزنس میں اندراج کیلئے جعلی دستاویزات کے استعمال کے معاملہ کی تحقیقات کرے گی۔